دنیا بھر میں پاکستان کا تاثر ایک کرپٹ اور خودغرض قوم کے طور پر پیش کیا جاتا ہے لیکن درحقیقت ہمارے ملک کا ہر شہری فلاحی خدمات میں اپنی مثال آپ ہے۔ اس کی ایک مثال سارہ احمد ہیں جن کی خدمات کے اعتراف میں امریکا نے انہیں انٹرنیشنل وومن آف کوریج کے اعزاز سے نوازا ہے اور وہ یہ اعزاز حاصل کرنے والی واحد پاکستانی خاتون ہیں۔
سارہ احمد گزشتہ 5 برسوں سے چائلڈ پروٹیکشن اینڈ ویلفئیر بیورو پنجاب کی سربراہ ہیں۔ اس پلیٹ فارم کے ذریعے وہ صوبے بھر میں لاوارث بچوں کی کفالت کی ذمہ داری نبھارہی ہیں۔ اس کے علاوہ وہ کئی بین الاقوامی پلیٹ فارمز پر پاکستان کی نمائندگی بھی کرچکی ہیں۔
گزشتہ 5 برسوں میں لاوارث اور بے سہارہ بچوں کو بہتر مستقبل فراہم کرنے پر سارہ احمد کو حکومت پاکستان کی جانب سے اعلیٰ سول اعزاز تمغہ امتیاز سے نوازا گیا ہے۔
اپنے فلاحی کاموں کی وجہ سے سارہ احمد کو ناصرف پنجاب بلکہ بیرون ملک بھی خاصی پزیرائی حاصل ہے۔ انہیں اٹلی میں انٹرنیشنل کولیبوریٹو ایوارڈ سے نوازا جاچکا ہے۔
چند ماہ قبل سارہ احمد کو امریکا کی جانب سے بین الاقوامی ایوارڈ انٹرنیشنل وومن آف کوریج سے بھی نوازا گیا ہے۔ وہ یہ ایوارڈ حاصل کرنے والی پہلی پاکستانی خاتون ہیں۔











