اہم ترین

سلمان خان کے گھر پر فائرنگ کیوں ہوئی؟ والد نے خاموشی توڑ دی

سلمان خان کے والد سلیم خان نے اتوار 14 اپریل کو ممبئی میں گھر پر نامعلوم افراد کی فائرنگ پر خاموشی توڑ دی ہے۔

اتوار 14 اپریل کی علی الصبح ممبئی کے علاقے باندرہ میں سلمان خان کی رہائش گاہ پر نامعلوم افراد فائرنگ کرکے فرار ہوگئے تھے۔ دو نامعلوم موٹر سائیکل سواروں نے 5 راؤنڈ فائر کیے، جس میں سے ایک گولی نیچے گر گئی، باقی 3 دیوار پر اور ایک گولی بالکونی کے سے ہوتی ہوئی گھر کے اندر گھسی تھی۔

ممبئی پولیس نے حملہ آوروں کے خلاف آئی پی سی کی دفعہ 307 اور آرمس ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کیا ہے۔

اس حملے پر اگرچہ سلمان کی جانب سے ابھی تک کوئی بیان سامنے نہیں آیا ہے لیکن ان کے والد سلیم خان نے اپنی خاموشی توڑ دی ہے۔

سلیم خان نے ایک ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ان کے پاس بتانے کو کچھ نہیں ہے۔ حملہ آور سرخیوں میں رہنا چاہتے ہیں۔ پریشان ہونے کی ضرورت نہیں ہے۔

سلیم خان نے اپنے بیان میں واضح کیا ہے کہ جو لوگ سلمان کو نقصان پہنچانا چاہتے ہیں وہ صرف مشہور ہونا چاہتے ہیں۔

گینگسٹر لارنس بشنوئی اور گولڈی برار مبینہ طور پر پچھلے کئی سال سے سلمان خان پر حملہ کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ سلمان کو کئی بار دھمکی آمیز ای میلز اور خطوط موصول ہو چکے ہیں۔

پاکستان