بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان نے کہا ہے کہ ملک میں جنگل کا قانون ہے جس کی وجہ سے ملک میں سرمایہ کاری نہیں آئے گی۔
اڈیالہ جیل میں صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کے دوران عمران خان نے کہا کہ بہاول نگر میں قانون توڑ کر پولیس کو پھینٹا لگایا گیااور معافی بھی منگوائی۔وائسرائے نے کہا کہ یہ ہمارے بھائی ہیں لیکن ایسا سلوک بھائیوں سے نہیں غلاموں سے کیا جاتا ہے۔
بانی پی ٹی آئی نے مزید کہا کہ ملک میں جنگل کا قانون ہے، 5 دن میں ہمیں 3 کیسز میں سزا دے دی جاتی ہے، نواز شریف کے تمام کیسز معاف ہو جاتے ہیں۔ یہ سب جنگل کا بادشاہ کر رہا ہے اور اسی جنگل کے قانون کی وجہ سے ملک میں سرمایہ کاری نہیں آئے گی اور ملک کا مستقبل خطرے میں ڈالا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ گزشتہ سماعت پر جنگل کے بادشاہ کا نام لیا تھا اور میرے بیان کے بعد عدالت میں اضافی شیشے اور دیواریں بنا دی گئیں۔
عمران خان نے کہا کہ گزشتہ ڈیڑھ سال میں پاکستانیوں نے دبئی میں ریکارڈ سرمایہ کاری کی، ملک میں سرمایہ کاری نہ آنے سے قرضے اور غربت بڑھے گی اور تنخواہ دار اور غریب آدمی مارا جائے گا۔