اہم ترین

گوگل میٹ کا زبردست فیچر ؛ کال کاٹے بغیر ایک ڈیوائس سے دوسری پر منتقل ہوجائیں

گوگل میٹ گھر بیٹھے لوگوں، گھر سے کام کرنے والوں یا اسکول کالج کے طلبہ کے لیے ایک بہت اہم ایپ بن چکی ہے۔ اس ایپ کے ذریعے دنیا کے مختلف کونوں میں بیٹھے لوگ ویڈیو اور آڈیو کالز کے ذریعے آسانی سے ایک دوسرے سے رابطہ قائم کر سکتے ہیں۔ گوگل نے اپنی اس میٹنگ ایپ میں ایک نئی اپ ڈیٹ متعارف کرائی ہے۔ جس کے ذریعے اب صارفین کال منقطع کیے بغیر گوگل میٹ پر جاری کال میٹنگ کو آسانی سے ایک ڈیوائس سے دوسرے ڈیوائس میں منتقل کر سکتے ہیں۔

عام طور پر بہت سے صارفین کے ساتھ ایسا کئی بار ہوتا ہے جب وہ ایک ڈیوائس پر گوگل میٹ کے ذریعے میٹنگ میں شامل ہوتے ہیں، اسی وقت انہیں کہیں جانا ہوتا ہے، اور اب وہ اپنی گوگل میٹ میٹنگ میں لیپ ٹاپ کے بجائے موبائل سے شامل ہونا چاہتے ہیں۔ایسا کرنے کے لیے صارفین کو لیپ ٹاپ سے کال منقطع کر کے اپنے موبائل کے ذریعے میٹنگ میں دوبارہ شامل ہونا پڑتا تھا۔ اب انہیں یہ کام نہیں کرنا پڑے گا۔

اب صارفین پہلی ڈیوائس پر جاری میٹنگ کو منقطع کیے بغیر دوسری ڈیوائس پر میٹنگ میں شامل ہو سکیں گے۔ لیکن اس کے لیے صارفین کو چند آسان اقدامات پر عمل کرنا ہوگا۔

اپنے پہلے ڈیوائس پر Google Meet میں شامل ہوں جیسا کہ آپ عام طور پر کرتے ہیں۔اب دوسرے ڈیوائس پر گوگل میٹ کال کا صفحہ کھولیں جس پر آپ میٹنگ کال منتقل کرنا چاہتے ہیں۔

دوسرے ڈیوائس کے گوگل میٹ کال پیج پر، آپ کو یہاں سوئچ کا ایک نیا آپشن نظر آئے گا۔ آپ کو صرف اس آپشن پر کلک کرنا ہے۔جیسے ہی آپ یہاں سوئچ پر کلک کریں گے، پہلے ڈیوائس پر چلنے والی گوگل میٹ کال دوسری ڈیوائس پر منتقل ہوجائے گی۔

پاکستان