اہم ترین

ہمیں بنگلا دیش کی آج کی نسل کے پاکستان سے علیحدگی کے درد کا مداوا کرنا ہے: صدر مملکت

صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ بنگلا دیش کی آج کی نسل پاکستان سے علیحدگی کے درد کی کیفیت سے ناواقف ہے،میں اس نسل سے تعلق رکھتا ہوں جنہوں نے ہمیں الگ ہوتے دیکھا،وقت آگیا ہے کہ ہمیں کسی بھی طرح اس درد کا مداوا کرنا ہے۔

گورنر ہاؤس لاہور میں پاکستان اور بنگلا دیش کے کرکٹرز اور آفیشلز کے اعزاز میں د یئے گئے استقبالیے میں بطور مہمان خصوصی شرکت کے موقع پر صدر مملکت نے کہا کہ کھیل باہمی رابطوں کا اہم ذریعہ ہے،بنگلا دیش کرکٹ ٹیم بطور سفیر پاکستان کا دورہ کر رہی ہے،بنگلہ دیش برادر ملک ہے۔

صدر مملکت نے کہا کہ اللہ تعالی نے پاکستان کی طرح بنگلا دیش کو بھی وسائل سے نوازا ہے، اقوام عالم میں بنگلہ دیش ایک مضبوط معاشی ملک کے طور پر جانا جاتا ہے،دونوں ہمسایہ اور برادر ممالک کے درمیان تعاون کے وسیع تر مواقع موجود ہیں، ہمیں دونوں ممالک کی عوام کی فلاح و بہبود کے لیے مل کر کام کرنے کی ضرورت ہے۔

صدر مملکت نے کہاکہ بنگلا دیش کی آج کی نسل پاکستان سے علیحدگی کے درد کی کیفیت سے ناواقف ہے،میں اس نسل سے تعلق رکھتا ہوں جنہوں نے ہمیں الگ ہوتے دیکھا،وقت آگیا ہے کہ ہمیں کسی بھی طرح اس درد کا مداوا کرنا ہے، دونوں ممالک کے درمیان مضبوط تعلقات کو استوار کرنے اورقربت کیلئے کام کرنے کی اشد ضرورت ہے۔

پاک بنگلا دیش تعلقات کے فروغ سے متعلق انہوں نے کہا کہ ہمیں مل کر ایسے اقدامات کرنا ہوں گے جس سے دونوں ممالک کے عوام خوشحال ہوں،اس حوالے سے دونوں ممالک کے نوجوانوں کو اپنا بھرپور کردار ادا کرنا ہوگا۔

پاکستان