امریکاکے صدرڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ اسرائیل 60 روزہ جنگ بندی کے لیے ضروری شرائط پر راضی ہو گیا ہے۔ قطر اور مصر کی ثالثی میں حماس سے معاہدہ قبول کرنے کی اپیل کی گئی ہے
امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے اعلان کیا ہے کہ اسرائیل نے غزہ میں 60 روزہ جنگ بندی کے لیے درکار ’ضروری شرائط‘ پر اتفاق کر لیا ہے۔ ان کے مطابق یہ معاہدہ جنگ کے خاتمے کی سمت ایک اہم قدم ہو سکتا ہے، جس کے تحت تمام فریقوں کے ساتھ مل کر دیرپا امن کی کوشش کی جائے گی۔
ٹرمپ نے منگل کو ’ٹروتھ سوشل‘ پر اپنی ایک پوسٹ میں کہا، ’’ہم غزہ میں جنگ کے خاتمے کے لیے تمام فریقوں کے ساتھ کام کریں گے۔ اسرائیل نے 60 دن کے سیز فائر کے لیے ضروری شرائط تسلیم کر لی ہیں۔‘‘
ان کا کہنا تھا کہ قطر اور مصر اس تجویز کو حتمی شکل دیں گے اور انہوں نے امید ظاہر کی کہ حماس اس امن معاہدے کو تسلیم کرے گی، کیونکہ اگر اس سے انکار کیا گیا تو حالات مزید خراب ہو سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا، ’’میرے خیال میں حماس کے پاس یہ معاہدہ قبول کرنے کے سوا کوئی راستہ نہیں۔‘‘
امریکی صدر نے تصدیق کی کہ ان کے نمائندوں نے اسرائیلی حکام سے غزہ کی صورت حال پر طویل ملاقات کی ہے، جس کے بعد یہ پیش رفت سامنے آئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اب ان کی اولین ترجیح اسرائیل اور حماس کے درمیان جنگ بندی کا نفاذ ہے۔