اہم ترین

ٹرمپ کی بھارت کو روسی تیل خریدنے پر ٹیرف مزید بڑھانے کی دھمکی

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے روس سے خام تیل کی خریداری کی صورت میں بھارت کی برآمدی اشیا پر ٹیرف مزید بڑھانے کا عندیہ دیا ہے۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے یکم اگست کو اپنا بین الاقوامی تجارتی توازن بہتر بنانے کے لئے ہر ملک پر اس کی برآمدات کے حجم کی بنیاد پر ٹیرف عائد کیا ہے۔

ٹرمپ نے پاکستان پر 19 فیصد جب کہ بھارت پر25 فیصد ٹیرف عائد کرتے ہوئے دھمکی دی تھی کہ اگر بھارت نے روس سے خام تیل اور ہتھیاروں کی خریداری جاری رکھی تو اسے جرمانہ بھی ادا کرنا ہوگا۔

ماضی قریب میں ڈونلڈ ٹرمپ متعدد مرتبہ بھارت کو ’ٹیرف کنگ‘ قرار دے چکے ہیں اور الزام عائد کرتے ہیں کہ بھارت امریکا کے ساتھ تجارتی تعلقات کو ’پامال‘ کرتا ہے۔

اب اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر امریکی صدر نے لکھا کہ بھارت نہ صرف بڑے پیمانے پر روسی تیل خرید رہا ہے بلکہ وہ خریدے گئے زیادہ تیل کے بدلے اسے بڑے منافع کے لیے اوپن مارکیٹ میں فروخت بھی کر رہا ہے۔

ٹرمپ نے کہا کہ بھارت کو اس سے کوئی سروکار نہیں کہ یوکرینی عوام روس کی مسلط جنگ میں مر رہے ہیں۔ اس کی وجہ سے وہ ضرور امریکا کے لیے بھارتی مصنوعات پر ٹیرف کو بڑھائیں گے۔

پاکستان