اہم ترین

اسمارٹ فون پنکی: زیادہ فون استعمال کرنے سے انگلیوں میں ہونے والا مسئلہ

اگر آپ کے ہاتھ میں بھی اسمارٹ فون دن بھر رہتا ہے، تو ذرا ایک بار اپنے ہاتھ کی چھوٹی انگلی کی ساخت پر غور کریں۔ کیا آپ کے دونوں ہاتھوں کی چھوٹی انگلیوں کی ساخت میں فرق آ گیا ہے؟ اسے انٹرنیٹ میں اسمارٹ فون پنکی کا نام دیا جا رہا ہے۔

آج کےدور میں اسمارٹ فون ہمارے ہاتھوں میں ایسے رہتے ہیں کہ جیسے ہمارے جسم کا ہی حصہ ہوں۔ دن بھر ہم انہیں ہاتھوں میں پکڑے اسکرولنگ، چیٹنگ اور ویڈیوز دیکھتے رہتے ہیں۔ ہمارے جسم پر اس کا کیا اثر پڑتا ہے، یہ خیال بھی ہمارے ذہن میں نہیں آتا۔

گزشتہ چند ماہ سے سوشل میڈیا پر ایک لفظ اسمارٹ فون پنکی ٹرینڈ کررہا ہے۔ جو اس بات کا ثبوت ہے کہ اسمارٹ فون استعمال کرنے کی عادت ہمارے جسم پر گہرا اثر ڈال رہی ہے۔

سوشل میڈیا پر لوگ ایسی تصاویر شیئر کر رہے ہیں جن میں ان کی چھوٹی انگلی کی بناوٹ دوسرے ہاتھ کی چھوٹی انگلی سے مختلف دکھنے لگی ہے۔ لوگ اسے اسمارٹ فون پنکی کہہ رہے ہیں۔ اس کا مطلب اسمارٹ فون زیادہ وقت پکڑنے کی وجہ سے انگلی پر آنے والے نشان سے ہے۔

ایسے میں سوال اٹھنے لگا ہے کہ کیا یہ کوئی بیماری ہے یا پھر صرف انٹرنیٹ پر پھیل رہی ایک افواہ؟

اسمارٹ فون پنکی ہاتھ کی چھوٹی انگلی پر پڑے اس نشان کو کہا جا رہا ہے جو مسلسل فون پکڑنے سے بنتا ہے۔ لوگ زیادہ دیر اسمارٹ فون پکڑ ے رکھتے ہیں ۔ اس سے انگلی کے نچلے حصے میں دباؤ پڑتا ہے۔ جس سے اسمقام پر ایک گڑھا سا پڑ جاتا ہے۔

اس وجہ سے آپ کے ایک ہاتھ کی چھوٹی انگلی کی بناوٹ دوسرے ہاتھ کی چھوٹی انگلی سے مختلف لگ سکتی ہے۔ بھاری اسمارٹ فون کو لمبے وقت تک اسی طرح پکڑنے سے انگلی میں کھچاؤ یا ہلکا درد بھی محسوس ہو سکتا ہے۔ وہیں انٹرنیٹ پر دعویٰ یہ بھی ہے کہ اس سے انگلی ٹیڑی بھی ہو سکتی ہے۔

ہڈیوںاورجوڑوں کےماہرین کا کہنا ہے کہ اسمارٹ فون پنکی کوئی بیماری نہیں ۔یہ لفظ انٹرنیٹ کی پیداوار ہے۔

امریکا کے کلیولینڈ کلینک کی رپورٹ بتاتی ہے کہ اسمارٹ فون کو ہاتھ میں دیر تک پکڑے رکھنے سے انگلیوں کی ہڈیوں کے ٹیڑھے ہونے کا کوئی ثبوت نہیں ملا ہے۔ تاہم ماہرین نے اس بات سے انکار نہیں کیا کہ مسلسل فون کو ایک ہی طرح میں پکڑنے سے عصبی دباؤ پڑ سکتا ہے اور اس سے کئی اقسام کے اعصابی مسائل ہو سکتے ہیں۔

آرتھو کیرولینا کے ڈاکٹروں کے مطابق فون کو دیر تک روزانہ پکڑنے سے مسلسل دباؤ والی جگہ پر عارضی نشانات یا درد ہو سکتا ہے۔ اسے نظرانداز کرنے سے بعد میں انگلی کی حرکت میں مشکلات جیسی مسائل بھی ہو سکتی ہیں۔

ماہرین کے مطابق، اس طرح کی مسئلے سے بچنے کا ایک طریقہ یہ ہے کہ فون کا زیادہ استعمال نہ کیا جائے۔ تاہم یہ بھی ایک حقیقت ہے کہ آج کل کی ڈیجیٹل دنیا میں کئی بار لوگوں کے کام ان کے فون سے جڑے ہوتے ہیں۔

ایسے میں کچھ طریقوں کو اپنا کر اسمارٹ فون پِنکی یا اس جیسی دیگر مسائل سے بچا جا سکتا ہے۔ اس کے لیے سب سے پہلے آپ اسمارٹ فون پکڑنے کا طریقہ بدل سکتے ہیں۔ اسمارٹ فون کو چھوٹی انگلی کا سہارا دے کر استعمال کرنے سے بچیں اور ہو سکے تو فون کو چلاتے وقت دونوں ہاتھوں کا استعمال کریں تاکہ فون کا وزن کسی ایک ہاتھ یا ایک ہاتھ کی کسی ایک انگلی پر نہ پڑے۔

فون پر طویل وقت تک مسلسل اسکرولنگ سے بچیں۔ اس کے علاوہ فون کو پکڑنے کے لیے پاپ سوکیٹ یا فون گریپ کا استعمال کیا جا سکتا ہے۔ اس کے علاوہ بیچ بیچ میں ہاتھ اور انگلیوں کو اسٹریچ کرتے رہیں۔ باوجود اس کے اگر انگلی میں درد یا سن ہونے کی حالت مسلسل برقرار رہے تو ڈاکٹر سے مشورہ کریں۔

پاکستان