ٹیسلا ، اسیپس ایکس اور ایکس اے آئی جیسی کمپنیوں کے مالک اور دنیا کے امیر ترین انسان ایلون مسک نے ایپل اور اوپن اے آئی کے خلاف امریکا کی عدالت میں مقدمہ دائر کردیا ہے۔
ٹیسلا کے سی ای او اور امریکی ارب پتی ایلون مسک کافی عرصے سے ایپل اور اوپن اے آئی پر برہم ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ ایپل اوپن اے آئی کے چیٹ بوٹ چیٹ جی پی ٹی کی اجارہ داری کو برقرار رکھنے کے لئے ان کے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس اور اے آئی چیٹ بوٹ گروک ایپ کو اپنے ایپ اسٹور کے ‘مستحکم سیکشن سے جان بوجھ کر باہر رکھ رہا ہے۔
اب وہ اس لڑائی کو عدالت لے گئے ہیں۔ ان کے ٹیک اسٹارٹ اپ ایکس اے آئی نے ایپل اور اوپن اے آئی کے خلاف مقدمہ دائر کیا ہے۔
ایلون مسک کی کمپنی کا کہنا ہے کہ ایپل اور اوپن اے آئی دنیا میں تیزی سے پھیلتی مصنوعی ذہانت کی مارکیٹ پر اپنی اجارہ داری برقرار رکھنے کے لئے سازش کررہی ہیں۔
مقدمے میں الزام لگایا گیا ہے کہ ایپل نے اسمارٹ فون کے میدان میں اپنی اجارہ داری برقرار رکھنے کے لیے اوپن اے آئی سے شراکت داری کی ہے۔ مقدمے میں ایپل کے اے آئی ماڈیول سری میں چیٹ جی پی ٹی کے انضمام کا بھی ذکر کیا گیا ہے۔
عدالت میں دائر درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ تکنیکی طور پر آئی فون صارفین کوئی بھی چیٹ بوٹ استعمال کر سکتے ہیں، لیکن انہیں چیٹ جی پی ٹی جیسا انضمام نہیں ملتا۔ اس وجہ سے صارفین کے پاس انتخاب نہیں بچتا۔ اس مقدمے میں ایپل اور اوپن اے آئی سے معاوضے کی مانگ کے ساتھ یہ شراکت داری بھی ختم کرنے کی درخواست کی گئی ہے۔
یہ پہلی بار نہیں ہے، جب ایپل کسی ایسے تنازع میں پھنس گئی ہے۔ اس سے پہلے وہ ایپک گیمز اور دوسری کمپنیوں سے بھی ایسے الزامات کا سامنا کر چکی ہے۔ امریکا کے محکمہ انصاف نے بھی مارچ 2023 میں ایپل پر اسمارٹ فون مارکیٹ میں اجارہ داری برقرار رکھنے کے حوالے سے سنگین الزامات لگائے تھے۔











