اہم ترین

مسافر طیارے کا ٹائر اڑان بھرتے ہی گر گیا، پرواز کی پہیے بغیر ایمرجنسی لینڈنگ

بھارت میں مسافر طیارے کا ٹائر اڑان بھرتے ہی رن وے پر گرگیا تاہم پائلٹ نے ایمرجنسی لینڈنگ کرکے تمام مسافروں کی جان بچالی۔

بھارتی میڈیا کے مطابق اسپائس جیٹ نامی فضائی کمپنی کی پرواز ایس جی-2906 نے ریاست گجرات کے شہر کانڈلا سے ممبئی کے لئے اڑان بھری ہی تھی کہ ٹاور کنٹرولر نے ایک سیاہ رنگ کی بڑی سی چیز رَن وے پر گرتی دیکھی۔

انسپکشن ٹیم نے جا کر دیکھا تو وہ چیز طیارے کا اگلا پہیہ تھا۔ طیارے میں 78 مسافر سوار تھے۔

طیارے کے پائلٹ نے ممبئی کے چھترپتی شیواجی مہاراج انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر تکنیکی خرابی کی اطلاع کے بعد ایمرجنسی لینڈنگ کی۔ جس پر ایئرپورٹ انتظامیہ نے احتیاط کے طور پر مکمل ایمرجنسی نافذ کردی تھی۔

پائلٹ نے کامیابی کے ساتھ اگلے پہیے کے بغیر طیارے کی لانڈنگ کرادی۔ جس کے بعد ایئرپورٹ پر معمول کی سرگرمیاں بحال کر دی گئیں۔

پاکستان