پاکستان نے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کومیچ ریفری اینڈی پائیکرافٹ کوہٹانے تک ایشیا کپ میں مزید کوئی میچ نہیں کھیلنے کا فیصلہ سنادیا۔
گزشتہ روز ایشیاکپ میں پاک بھارت مقابلےکے لئے ٹاس کے وقت میچ ریفری نے کپتانوں سے ہاتھ نہ ملانے کی درخواست کی تھی۔
پاکستان کو شکست دینے کے بعد بھارتی ٹیم نے اسپورٹس مین اسپرٹ کی خلاف ورزی کرتے ہوئے پاکستانی کھلاڑیوں سے مصافحہ نہیں کیا۔ جس کے جواب میں پاکستانی کپتان سلمان علی آغا نے بھی بھارتی رویے کے خلاف اختتامی تقریب میں احتجاجاً شرکت نہیں کی۔
چیئرمین پی سی بی اور ایشین کرکٹ کونسل کے صدر محسن نقوی نے ’ایکس‘ پر لکھا کہ پی سی بی نے آئی سی سی میں شکایت درج کرائی ہے۔ پی سی بی نے آئی سی سی کو بتایا کہ میچ ریفری نے آئی سی سی کے ضابطہ اخلاق اور ایم سی سی کے قوانین کی خلاف ورزی کی ہے۔
چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ کا مزید کہنا تھا کہ پی سی بی نے مطالبہ کیا ہے کہ میچ ریفری کو فوراً ایشیا کپ سے ہٹا دیا جائے۔ اگر میچ ریفری اینڈی پائیکرافٹ کو نہیں ہٹایا گیا تو قومی ٹیم ایشیا کپ میں مزید کوئی میچ نہیں کھیلے گی۔











