اہم ترین

غزہ میں اسرائیلی جارحیت سے شہدا کی تعداد 65000 سے تجاوز کرگئی

غزہ میں 7 اکتوبر 2023 کے بعد اسرائیلی جارحیت اور بربریت کے نتیجے میں شہدا کی تعداد 65 ہزار سے تجاوز کرگئی..

الجزیرہ کے مطابق 7 اکتوبر 2023 کو حماس اور اس کے حلیف عسکری ونگز کی جانب سے کئے گئے طوفان الاقصیٰ کے بعد اسرائیلی افواج کی جانب سے بے گناہ فلسطینیوں پر قیامت ڈھائی جارہی ہے۔

فلسطینی وزارت صحت نے کہا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں غزہ میں کم از کم 79 افراد شہید جب کہ228 افراد زخمی ہوئے ہیں۔ اس کے علاوہ کئی لوگ منہدم عمارتوں کے ملبے کے نیچے پھنسے ہوئے ہیں۔

گزشتہ 2 برسوں میں اب تک 65 ہزار سے زئاد افراد شہید کئے جاچکے ہیں۔ جن میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔ اس کے علاوہ 2 لاکھ کے بھگ بھگ افراد شدید زخمی یا عمر بھر کی معذوری سے دوچار ہیں۔

دوسری جانب اقوام متحدہ کا کہنا ہے کہ اسرائیل کی فوجی کارروائی نے غزہ شہر میں لاکھوں بے یار و مددگار فلسطینیوں کو جنوب کی طرف دھکیل دیا ہے اور انسانی بحران کی شدت بڑھتی جا رہی ہے۔

اقوام متحدہ کے انسانی امور کے کوآرڈینیشن دفتر کی ترجمان اولگا چیریو کو نے کہا ہے کہ غزہ میں صورتحال کسی قیامت سے کم نہیں،شمال سے لوگوں کا ایک مسلسل سلسلہ جاری ہے، جن میں سے بہت سے 22 کلومیٹر (14 میل) کا سفر اسرائیل کی جانب سے بیان کردہ ال-ماواسی “انسانی زون” تک پیدل طے کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا صحت اور صفائی کی صورت حال اتنی خراب ہے کہ وبائی بیماریوں اور جلدی امراض پھیل رہے ہیں۔ جب کہ غذائی اجناس کی فراہمی بھی لوگوں کی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے ناکافی ہے۔

دوسری جانب عالمی ادارہ صحت کے سربراہ ٹیڈروس ادہانوم گیبریسوس نے اپنی ٹوئٹ میں کہا ہے کہ غزہ شہر کے مکمل تباہی کے دہانے پر ہیں۔ اسرائیل کا نیا حملہ غزہ کے فلسطینیوں کو بے گھر کر رہا ہے، لوگوں کو یک چھوٹے سے علاقے میں دھکیلا جا رہا ہے۔ جب کہ زخمی اور معذور افراد محفوظ جگہ پر منتقل نہیں ہو سکتے۔

پاکستان