ونڈوز 10 کے لیے مفت سیکیورٹی اپڈیٹس 14 اکتوبر 2025 سے بند ہو جائیں گے۔ اس فیصلے سے دنیا بھر میں کروڑوں صارفین کی ڈیجیٹل سیکیورٹی خطرے میں پڑ سکتی ہے۔
صارفین کے حقوق کے تحفظ کے لئے کام کرنے والی تنظیم کنزیومر رپورٹس نے مائیکرو سافٹ کے سی ای او ستیہ نادلا کو خط لکھ کر اپیل کی ہے کہ کمپنی اپنے اس فیصلے پر دوبارہ غور کرے اور ونڈوز 10 مشینوں کے لیے سپورٹ جاری رکھے۔
کنزیومر رپورٹس کے مطابق اگست 2025 تک دنیا میں تقریباً 46.2 فیصد صارفین اب بھی ونڈوز 10 پر کام کر رہے تھے۔ سب سے بڑی مشکل یہ ہے کہ ان میں سے زیادہ تر کمپیوٹر ونڈوز 11 کی سخت ہارڈویئر ضروریات کو پورا ہی نہیں کرتے۔ یہی وجہ ہے کہ صارفین کے پاس اپ گریڈ کا کوئی راستہ نہیں بچتا اور مائیکرو سافٹ کا یہ اقدام ان کے لیے براہ راست خطرہ بن جاتا ہے۔
عالمی تنظیم نے خط میں مائیکرو سافٹ کی حکمت عملی کی بھی تنقید کی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ کمپنی ایک طرف سیکیورٹی کے لیے اپ گریڈ کرنے کی نصیحت کرتی ہے، تو دوسری طرف ونڈوز 10 مشینوں کو اپ ڈیٹس سے محروم کر دیتی ہے۔
ساتھ ہی انہوں نے یہ سوال بھی اٹھایا ہے کہ سیکیورٹی برقرار رکھنے کے لیے مائیکرو سافٹ ہر سال 30 ڈالر کی فیس کیوں مانگ رہا ہے۔ تنظیم کا الزام ہے کہ مفت سپورٹ کے آپشن بھی ایسے ہیں، جو صارفین کو صرف مائیکرو سافٹ کی سروسز پر منحصر بنا دیتے ہیں، جس سے صرف کمپنی کا مارکیٹ شیئر ہی بڑھے گا۔











