پاکستان اور جنوبی افریقا کے درمیان دو ٹیسٹ میچز پر مشتمل سیریز کا آغاز 12 اکتوبر سے لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں ہو رہا ہے۔ دوسرا ٹیسٹ 20 سے 24 اکتوبر تک راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔ یہ سیریز آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ 2025-27 کا حصہ ہے۔
پاکستان اور جنوبی افریقا کے درمیان 2 ٹیسٹ میچز پر مشتمل سیریز کی ٹرافی کی رونمائی کردی گئی ۔
یہ سیریز پاکستان کے لیے ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ 2025-27 کے نئے سائیکل کا آغاز ہے، اور ان کے پہلے حریف وہی ٹیم ہے جو پچھلے سائیکل (2023-25) کی چیمپئن رہی – جنوبی افریقہ۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ یہ پہلی بار ہے کہ پاکستان ورلڈ ٹیسٹ کا افتتاحی ٹیسٹ سیریز اپنے ہوم گراؤنڈ پر کھیل رہا ہے۔ 2019-21 میں پاکستان نے آسٹریلیا کا دورہ کیا،2021-23 میں ویسٹ انڈیز سے مہم کا آغاز کیا۔جبکہ 2023-25 میں مہم سری لنکا میں شروع کی گئی تھی۔
پاکستان اور جنوبی افریقا کے درمیان اب تک 30 ٹیسٹ میچز ہو چکے ہیں۔ جن میں سے پاکستان نے 6 میں فتح حاصل کی جب کہ جنوبی افریقا 17 بار کامیاب رہا اور 7 میچز ڈرا ہوئے۔
ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے سائیکل میں دونوں ٹیموں کے درمیان اب تک 4 ٹیسٹ میچز کھیلے گئے ہیں۔ دونوں ٹیموں نے 2،2 میچز جیتے۔
جنوبی افریقا نے آخری بار جنوری-فروری 2021 میں پاکستان کا دورہ کیا تھا، جس میں پاکستان نے 2-0 سے تاریخی فتح حاصل کی تھی۔
بابر اعظم نے جنوبی افریقا کے خلاف ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ میں 315 رنز بنائے ہیں جن میں چار نصف سنچریاں شامل ہیں۔محمد رضوان نے 283 رنز اسکور کیے، جن میں ایک سنچری بھی شامل ہے۔حسن علی نے صرف دو ٹیسٹ میں 12 وکٹیں حاصل کی ہیں۔
تینوں کھلاڑی اس سیریز کے لیے 16 رکنی اسکواڈ کا حصہ ہیں اور ٹیم کی کامیابی میں کلیدی کردار ادا کرنے کے لیے تیار ہیں۔
یہ سیریز نہ صرف پاکستان کے لیے ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ میں بہتر آغاز کا موقع ہے بلکہ جنوبی افریقا کے خلاف مسلسل برتری حاصل کرنے کا بھی ایک اہم موقع ہے۔ لاہور اور راولپنڈی میں کرکٹ کے دیوانوں کے لیے یہ سیریز یادگار ثابت ہو سکتی ہے۔











