افغانستان کے وزیر دفاع مولوی محمد یعقوب مجاہد نے کہا ہے کہ امارتِ اسلامیہ افغانستان کی پالیسی ہمیشہ سے اس بات پر قائم رہی ہے کہ اس کی سرزمین کسی دوسرے ملک کے خلاف استعمال نہیں ہوگی۔
الجزیرہ کو دیے گئے ایک انٹرویو میں افغان وزیر دفاع نے واضح کیا کہ افغانستان ایک آزاد اور خودمختار ملک ہے جو اپنے قومی مفادات کے مطابق بھارت سمیت تمام ممالک کے ساتھ متوازن تعلقات رکھنا چاہتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہماری پالیسی کسی بھی ملک کے خلاف مسلح گروہوں کی حمایت کرنا نہیں ہے۔ ہم پاکستان کے ساتھ بھی اچھے پڑوسی اور تجارتی بنیادوں پر تعلقات قائم رکھنا چاہتے ہیں۔
مولوی یعقوب مجاہد نے مزید کہا کہ افغانستان اور پاکستان کے درمیان کشیدگی کسی کے مفاد میں نہیں، اس لیے دونوں ممالک کو تمام چیلنجز بات چیت اور سفارت کاری کے ذریعے حل کرنے چاہییں۔ ہم قطر کے بعد اب ترکی میں ہونے والی ملاقات میں بھی امن اور تعاون پر مبنی مکالمے کو آگے بڑھانے کے لیے پرعزم ہے۔
افغان وزیر دفاع نے پاکستان کو تنبیہ کرتے ہوئے کہا کہ اگر پاکستان معاہدے کی شرائط پر قائم نہیں رہتا تو خطے میں مشکلات مزید بڑھ سکتی ہیں۔ اگر کوئی ملک افغانستان پر حملہ کرتا ہے تو افغان عوام*دلیری اور عزم کے ساتھ اپنے وطن کا دفاع کریں گے، کیونکہ افغانیوں کی تاریخ اپنی سرزمین کی حفاظت سے عبارت ہے۔