معروف سوشل میڈیا کمپنی میٹا نے نوجوان صارفین کی حفاظت کو مدنظر رکھتے ہوئے اپنے پلیٹ فارمز پر نئے پیرنٹل کنٹرول فیچرز متعارف کروا دیے ہیں۔ ان فیچرز کی بدولت اب والدین اپنے بچوں کی اے آئی چیٹ بوٹس سے ہونے والی بات چیت پر کنٹرول حاصل کر سکیں گے۔
میٹا کی جانب سے جاری بیان کے مطابق، آنے والے سال کے آغاز سے والدین کے پاس یہ اختیار ہوگا کہ وہ اپنے بچوں کے اے آئی کیریکٹرز کے ساتھ ون آن ون چیٹس کو ڈس ایبل (غیرفعال) کر سکیں۔ تاہم، میٹا کا اے آئی اسسٹنٹ مکمل طور پر بند نہیں کیا جا سکے گا بلکہ یہ صرف تعلیمی اور فائدہ مند معلومات فراہم کرے گا، جس میں پہلے سے عمر کے مطابق حفاظتی فلٹرز موجود ہوں گے۔
انسٹاگرام پر سخت مواد کے خلاف اقدامات
نئے اقدامات کے تحت انسٹاگرام پر ٹین ایج (نوجوان) صارفین کے لیے پی جی 13 لیول کا مواد بطور ڈیفالٹ محدود کر دیا گیا ہے۔ اس کا مطلب ہے کہ نوجوان اب صرف ایسا مواد دیکھ سکیں گے جو پی جی 13 فلمز کے معیار پر پورا اترتا ہو، یعنی ایسا مواد جس میں ننگے مناظر، منشیات کا استعمال یا خطرناک اسٹنٹس شامل نہ ہوں۔
والدین کے اجازت کے بغیر بچے ان سیٹنگز کو تبدیل نہیں کر سکیں گے، جو کہ والدین کو مزید تحفظ کا احساس فراہم کرے گا۔
اے آئی چیٹ بوٹس پر بھی نئے اصول لاگو
میٹا نے یہ بھی واضح کیا ہے کہ اگر کوئی والدین اپنے بچوں کی تمام چیٹس بند نہیں کرنا چاہتے، تو وہ مخصوص اے آئی چیٹ بوٹس کو بلاک کر سکتے ہیں۔ اس کے علاوہ، والدین کو یہ جاننے کا موقع بھی ملے گا کہ ان کے بچے اے آئی کیریکٹرز سے کن موضوعات پر بات چیت کر رہے ہیں، تاہم انہیں مکمل چیٹ تک رسائی نہیں دی جائے گی۔
اے آئی اور نوجوانوں کے تعلق پر سوالات
ایک حالیہ رپورٹ کے مطابق، تقریباً 70 فیصد نوجوان اے آئی چیٹ بوٹس کا استعمال کرتے ہیں، جن میں سے نصف باقاعدگی سے ان کا استعمال کرتے ہیں۔ میٹا کے نئے پی جی 13 اصول اب ان اے آئی چیٹس پر بھی لاگو ہوں گے۔
اگرچہ میٹا نے ان تبدیلیوں کو بچوں کی حفاظت کے لیے ایک اہم قدم قرار دیا ہے، لیکن بچوں کے حقوق کے لیے کام کرنے والے بعض اداروں نے ان اقدامات پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اے آئی چیٹس کے اثرات اور بچوں کی پرائیویسی کے حوالے سے اب بھی کئی سوالات باقی ہیں۔











