اہم ترین

امریکا میں حکومتی شٹ ڈاؤن سے فضائی نظام شدید متاثر: ہزاروں پروازیں منسوخ

امریکا میں جاری حکومتی شٹ ڈاؤن کے سبب فضائی نظام شدید متاثر ہوگیا ہے، جب کہ ایئرلائنز کو صرف ایک دن میں 3300 سے زائد پروازیں منسوخ کرنا پڑگئیں۔ اعلیٰ حکام نے خبردار کیا ہے کہ اگر صورتحال برقرار رہی تو ہوائی سفر انتہائی محدود ہو سکتا ہے۔

امریکا میں فنڈنگ بل کی منظوری نہ ہونے کے باعث حکومتی شٹ ڈاؤن کے سبب شہریوں کی شمکلات مزید بڑھ گئی ہیں۔

گزشتہ روز ریپبلکن اور ڈیموکریٹ رہنماؤں نے حکومتی شٹ ڈاؤن ختم کرنے کے لیے ایک عارضی معاہدے پر اتفاق کرلیا ہے تاہم بل کی منظوری نہ ہونے کے باعث گزشتہ 40 روز سے شٹ ڈاؤن جاری ہے۔

فضائی سفر میں تعطل اس وقت بڑھا جب فیڈرل ایوی ایشن ایڈمنسٹریشن نے گزشتہ ہفتے ایئر ٹریفک میں کمی کا حکم دیا۔ اس فیصلے کی وجہ کنٹرولرز کی تھکن اور کام پر حاضر نہ ہونے کی بڑھتی ہوئی شکایات بتائی گئی ہیں۔

امریکی قوانین کے مطابق تقریباً 13 ہزار ایئر ٹریفک کنٹرولرز کو اہم عملہ قرار دیا گیا ہے، جس کے باعث وہ شٹ ڈاؤن کے آغاز یعنی یکم اکتوبر سے تنخواہ کے بغیر کام کرنے پر مجبور ہیں۔

فلائٹ ٹریکنگ ویب سائٹ فلائٹ اویئر کے مطابق صرف اتوار کو 3300 سے زائد پروازیں منسوخ اور 10 ہزار سے زائد پروازیں تاخیر کا شکار ہوئیں۔ ہفتہ کو 1500 جب کہ جمعہ کو ایک ہزار پروازیں منسوخ کی گئی تھیں۔

پاکستان