سیکیورٹی فورسز نے باجوڑ کی تحصیل میں واقع گاؤں گدار میں انٹیلیجنس بیسڈ کارروائی کے دوران 22 خوارج کو ہلاک کر دیا ہے، جبکہ متعدد کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق گزشتہ شب فورسز کو خوارجین کی بڑی تعداد میں موجودگی کی مصدقہ اطلاع موصول ہوئی، جس کے بعد نہایت مؤثر اور ٹارگٹڈ آپریشن کیا گیا۔ فورسز کے مطابق ہلاک ہونے والے شدت پسند متعدد کارروائیوں میں ملوث تھے۔
آپریشن سے قبل قبائلی عمائدین کے تعاون سے گاؤں کے مکینوں کو محفوظ مقام پر منتقل کر دیا گیا تھا، جبکہ خوارجین خالی گھروں میں پناہ لیے ہوئے تھے۔ فورسز نے علاقے کا محاصرہ کر کے مخصوص مقامات پر بھرپور کارروائی کی۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق ہدف کے گردونواح کے تمام مکانات پہلے سے خالی تھے، جس کے باعث کسی سویلین کے جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔
ادھر حکومتی اور عسکری حلقوں نے اس کامیابی کو دہشت گردی کے خلاف جاری جنگ میں اہم پیشرفت قرار دیا ہے۔ ترجمان کے مطابق قومِ پاکستان اور اس کے محافظ ادارے دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے متحد ہیں, اور اس فتنے کے آخری انجام تک آپریشنز جاری رہیں گے۔











