اہم ترین

ای وی چارجنگ پالیسی : 2030 تک ملک بھر میں 3 ہزار چارج اسٹیشن قائم کرنے کا ہدف

پاکستان میں الیکٹرک وہیکل چارجنگ نیٹ ورک کے قیام کا عمل تیزی سے شروع ہو گیا ہے، وفاقی حکومت نے ای وی پالیسی سے متعلق تفصیلات سینیٹ میں پیش کرتے ہوئے بتایا کہ دو وزارتوں صنعت و پیداوار اور غذائی تحفظکو قواعد و ضوابط بنانے کا اختیار دیا گیا ہے۔ پاور ڈویژن کے مطابق ملک بھر میں اب تک 72 کمپنیوں کو ای وی چارجنگ لائسنس جاری کیے جا چکے ہیں۔

سینیٹ میں بتایا گیا کہ حکومت نے 2030 تک 3 ہزار چارجنگ اسٹیشنز قائم کرنے کا ہدف مقرر کیا ہے، جب کہ موجودہ مالی سال میں 240 نئے اسٹیشنز لگائے جائیں گے۔ وزیرِ توانائی اویس لغاری کے مطابق چارجنگ اسٹیشنز کا قیام سرکاری اور نجی شعبے کی مشترکہ کاوش ہوگا، اور نگرانی کی ذمہ داری وزارت صنعت و پیداوار، پاور ڈویژن اور نیپرا کے پاس ہو گی۔

دوسری جانب عالمی مارکیٹ میں قیمتیں کم ہونے کے باوجود پاکستان میں پیٹرولیم مصنوعات سستی نہ ہوسکیں۔ پیٹرولیم ڈویژن نے انکشاف کیا کہ پیٹرول پر 8 روپے اور ڈیزل پر 7 روپے فی لیٹر اضافی لیوی سڑکوں کی تعمیر کے لیے عائد کی گئی، جس کے تحت 16 اپریل سے 30 ستمبر تک 66 ارب 13 کروڑ روپے عوام سے وصول ہو چکے ہیں، جب کہ مجموعی طور پر 200 ارب روپے اکٹھا کرنے کا منصوبہ ہے۔ ڈویژن نے وضاحت کی کہ ان فنڈز کے اخراجات کا اختیار ان کے پاس نہیں۔

پاکستان