راولپنڈی میں کھیلی جارہی سہہ ملکی ٹی 20 سیریز کے اہم میچ میں سری لنکا نے پاکستان کو 6 رنز سےہرا کر فائنل کے لئے کوالیفائی کرلیا ہے۔
راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں سری لنکا نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 184 رنز بنائے۔ جواب میں پاکستان مقررہ 20 اوورز مٰں 178 رنز ہی بناسکا۔
سری لنکا کی جارحانہ بیٹنگ
سری لنکا کو پہلا نقصان 16 رنز پر پاتھم نسانکا کی صورت میں ہوا۔ انہوں نے 8 رنز بنائے۔ جس کے بعد کامل مشارا نے کوسال مینڈس کے ساتھ اسکور کو 82 رنز پر پہنچایا۔ پاکستان کو تیسری وکٹ کوسال پریرا کی صورت میں 96 رنز پر ملی۔
سری لنکا کا اسکور 153 رنز ہوا تو پاکستان کو کامل مشارا کی بڑی وکٹ کی صورت میں کامیابی ملی۔ کامل مشارا نے 76 رنز کی زبردست اننگز کھیلی۔ اننگز کی آخری گیند پر داسن شناکا رن آؤٹ ہوئے۔ اس طرح پاکستان کے خلاف سری لنکا نے 5 وکٹوں پر 184 رنز بنائے۔
پاکستان کا ٹاپ آرڈر فیل
صائم ایوب اور صاحبزادہ فرحان نے 185 رنز کے ہدف کا تعاقب شروع کیا تو 29 رنز پر پاکستان کو پہلا نقصان ہوا۔ صاحبزادہ فرحان 9 رنز بناسکی۔ بابر اعظم ایک اور اننگ میں ناکام ہوئے ۔ وہ کھاتہ بھی نہ کھول پائے اور پاکستان کی مشکلات میں اضافہ کردیا۔
صائم ایوب 38 کے اسکور پر پویلین لوٹ گئے جب کہ 43 رنز پر پاکستان کو چوتھا نقصان فخر زمان کی صورت میں ہوا۔ اس موقع پر سلمان علی آغا نے عثمان خان ، محمد نواز اور فہیم اشرف کے ساتھ ہدف کا تعاقب جاری رکھا۔
عثمان خان 33، محمد نواز 27 اور فہیم، اشرف 7 رنز بناسکے۔ سلمان علی آغا کی 63 رنز کی اننگ بھی پاکستان کے کام نہ آسکی۔ پاکستان 20 اوورز میں 178 رنز ہی بناسکا۔ اس طرح سری لنکا نے میچ 6 رنز سےجیت لیا۔











