واٹس ایپ دنیا بھر میں سب سے زیادہ استعمال کیے جانے والے میسیجنگ پلیٹ فارمز میں سے ایک ہے، جہاں اربوں صارفین روزانہ اپنے دوستوں، خاندان اور کام کے ساتھیوں سے رابطے میں رہتے ہیں۔ تاہم اس کے استعمال کے ساتھ کچھ مسائل بھی جڑے ہوئے ہیں، جن میں ان چاہے میسجز، اسپیم اور نامعلوم نمبروں سے آنے والی کالز شامل ہیں، جو اکثر صارفین کے لیے پریشانی کا باعث بنتی ہیں۔ ان مسائل کے حل کے لیے واٹس ایپ نے کچھ اہم فیچرز فراہم کیے ہیں جن کی مدد سے نامعلوم یا غیر مطلوبہ نمبرز کو نہ صرف بلاک کیا جا سکتا ہے بلکہ ان کی کالز کو خاموش بھی کیا جا سکتا ہے۔
واٹس ایپ کا سائلنس ان نون کالرز فیچر صارفین کو بہتر پرائیویسی فراہم کرتا ہے اور اسپیم یا دھوکے باز نمبروں سے آنے والی کالز کو خود بخود خاموش کر دیتا ہے۔ اس طرح یہ کالز فون کی گھنٹی بجنے کے بجائے خاموشی سے مسترد ہو جاتی ہیں، جس سے صارفین کو غیر ضروری خلل کا سامنا نہیں کرنا پڑتا۔
اس کے ساتھ ساتھ واٹس ایپ غیر مطلوبہ نمبروں کو بلاک کرنے کی سہولت بھی دیتا ہے۔ صارف دو طریقوں سے کسی بھی نمبر کو بلاک کر سکتا ہے۔ پہلے طریقے میں صارف نامعلوم نمبر والی چیٹ کھول کر اوپر دائیں جانب موجود تین ڈاٹس پر ٹیپ کرتا ہے، پھر “مور” میں جا کر “بلاک” کا انتخاب کرتا ہے اور تصدیق کے بعد نمبر بلاک ہو جاتا ہے۔
دوسرے طریقے میں صارف واٹس ایپ کی سیٹنگز میں جا کر پرائیویسی آپشن کھولتا ہے، “بلاکڈ کانٹیکٹس” میں داخل ہو کر “ایڈ” پر ٹیپ کرتا ہے اور مطلوبہ نمبر منتخب کر کے اسے بلاک کر دیتا ہے۔
ان فیچرز کی بدولت صارفین کو اپنی پرائیویسی اور رابطوں پر مزید کنٹرول مل جاتا ہے اور وہ واٹس ایپ کو زیادہ محفوظ اور سکون سے استعمال کر سکتے ہیں۔











