جدہ میں منگل کو ہونے والی شدید بارش نے شہر کے مختلف حصوں کو متاثر کیا اور اسے ملک میں اس روز سب سے زیادہ بارش والا شہر قرار دیا گیا۔ سبق ویب سائٹ کے مطابق جدہ کے شمالی علاقوں میں مسلسل پانچ گھنٹوں تک وقفے وقفے سے تیز اور درمیانی شدت کی بارش ہوتی رہی۔ سب سے زیادہ بارش الجوہرہ اسٹیڈیم اور اس کے گرد و نواح میں ریکارڈ کی گئی جہاں 135 ملی میٹر تک پانی نوٹ کیا گیا، جو رواں موسم کی سب سے بڑی مقدار ہے۔ اس کے علاوہ کنگ عبدالعزیز انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے موسمیاتی اسٹیشن نے 51 ملی میٹر جبکہ البساتین محلے کے اسٹیشن نے 81 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی۔
سعودی ویب سائیٹ سبق کے مطابق محکمہ موسمیات نے پیشگوئی کی ہے کہ بارشوں کا سلسلہ جمعرات تک جاری رہنے کا امکان ہے جس کے باعث شہریوں کو احتیاط کی تلقین کی گئی ہے۔ شدید بارش کے ممکنہ اثرات کو دیکھتے ہوئے سعودی ہلالِ احمر نے ہائی الرٹ جاری کر دیا ہے۔ ادارے کے مطابق تمام ایمبولینس شعبوں میں ایمرجنسی پلان فعال کر دیا گیا ہے جبکہ کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر اور میڈیکل ڈسپیچ یونٹ کی تیاری کو بھی مزید مضبوط بنایا گیا ہے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری امداد فراہم کی جا سکے۔
دوسری جانب جدہ میونسپلٹی نے بھی بارش کے بعد ممکنہ مسائل سے نمٹنے کے لیے ہنگامی حالت نافذ کر دی ہے۔ میونسپلٹی نے بتایا کہ پانی کے جمع ہونے والے مقامات کو صاف کرنے اور سڑکوں کو ٹریفک کے لیے بحال رکھنے کا کام تیزی سے جاری ہے۔ اس مقصد کے لیے شہر کے 11 بلدیاتی علاقوں اور 15 سپورٹ مراکز میں ٹیمیں تعینات کر دی گئی ہیں جنہیں مجموعی طور پر 7,160 کارکنان اور 1,621 مشینری و آلات دستیاب ہیں۔
انتظامیہ کے مطابق تمام ادارے مل کر اس بات کو یقینی بنانے میں مصروف ہیں کہ شہریوں کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے اور شہر میں معمولات زندگی جلد بحال ہو جائیں۔











