اہم ترین

ٹرائی سیریز اور آئی سی سی انڈر 19 ورلڈ کپ کے لیے 15 رکنی اسکواڈ کا اعلان

پاکستان کرکٹ بورڈ نے زمبابوے میں ہونے والی سہ فریقی سیریز اور آئی سی سی انڈر 19 ورلڈ کپ کے لیے پاکستان انڈر 19 کے 15 رکنی اسکواڈ کا اعلان کر دیا ہے، جس کی قیادت فرحان یوسف کریں گے۔

پی سی بی کے جاری بیان کے مطابق افغانستان، پاکستان اور میزبان زمبابوے کے درمیان سہ فریقی سیریز 25 دسمبر سے 6 جنوری تک کھیلی جائے گی، جو نمیبیا اور زمبابوے میں ہونے والے آئی سی سی انڈر 19 ورلڈ کپ (15 جنوری تا 6 فروری) کی تیاری کے طور پر کھیلی جا رہی ہے۔ دونوں ٹورنامنٹس 50 اوور فارمیٹ میں ہوں گے۔

پاکستان انڈر 19 اس وقت دبئی میں جاری اے سی سی انڈر 19 ایشیا کپ میں حصہ لے رہی ہے اور ٹیم جمعہ 19 دسمبر کو سیمی فائنل میں بنگلہ دیش کا سامنا کرے گی جبکہ فائنل اتوار، 21 دسمبر کو کھیلا جائے گا۔

ایشیا کپ کے اسکواڈ میں واحد تبدیلی یہ کی گئی ہے کہ دائیں ہاتھ کے فاسٹ بولر عمر زیب کو شامل کیا گیا ہے، جو بائیں ہاتھ کے اسپنر محمد حذیفہ کی جگہ لیں گے۔

سہ فریقی سیریز میں پاکستان کم از کم چار میچز کھیلے گا اور ٹاپ دو ٹیمیں 6 جنوری کو ہونے والے فائنل کے لیے کوالیفائی کریں گی۔

پاکستان انڈر 19 اسکواڈ میں فرحان یوسف (کپتان)، عثمان خان (نائب کپتان)، عبدل سبحان، احمد حسین، علی حسن بلوچ، علی رضا، دانیال علی خان، حمزہ زہور (وکٹ کیپر)، حذیفہ احسن، مومن قمر، محمد سیام، محمد شایان (وکٹ کیپر)، نقاب شفیق، سمیر منہاس اور عمر زیب شامل ہیں۔

نان ٹریولنگ ریزروز میں عبدالقادر، فرحان اللہ، حسن خان، ابتسام اظہر اور محمد حذیفہ رکھے گئے ہیں۔

انڈر19ٹیم کاسپورٹ اسٹافسرفراز احمد (منیجر/مینٹور)، شاہد انور (ہیڈ کوچ/بیٹنگ کوچ)، راؤ افتخار (بولنگ کوچ)، منصور امجد (فیلڈنگ کوچ)، ابرار احمد (ٹرینر)، عبیداللہ (فزیو) اور علی حمزہ (اینالسٹ) پر مشتمل ہے۔

پاکستان