روس کے خلاف جنگ میں یوکرین کے لیے سمندری حملوں کی خاطر ڈرونز کی مشترکہ تیاری کے لیے یوکرین اور یورپی یونین کے رکن ملک پرتگال کے مابین ایک معاہدہ طے پا گیا ہے۔ یوکرینی دارالحکومت کییف سے ہفتہ 20 دسمبر کو ملنے والی رپورٹوں کے مطابق یہ بات صدر وولودیمیر زیلنسکی کے ایک مشیر نے بتائی۔
صدر زیلنسکی کے مشیر اولیکساندر کامیشین نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک پوسٹ میں لکھا، ’’ہم نے یہ ثابت کر دیا ہے کہ زمین کی سطح سے بغیر کسی انسانی پائلٹ کے پرواز کرنے والی وہیکلز (جنگی ڈرونز) روسی جنگی بحری جہازوں اور آبدوزوں کے خلاف بہترین طریقے سے کام کرتی ہیں۔‘‘
اس سلسلے میں پرتگال کے ساتھ مشترکہ پیداوار کے ارادے سے طے پانے والے معاہدے کے بارے میں کامیشین نے لکھا، ’’اب یہی فضائی وہیکلز پرتگال کی بھی بھرپور مدد کریں گی کہ وہ یورپ کی اسے سمندر سے لاحق ہونے والے خطرات سے بھی حفاظت کر سکے۔‘‘
اسی دوران کییف ہی سے موصولہ رپورٹوں کے مطابق روس نے ہفتے کے روز جنوبی یوکرین میں پیودینیی پر نئے فضائی حملے کیے ہیں۔ یہ بات یوکرین کے ایک نائب وزیر نے بتائی۔ کل جمعے کے روز وہاں ایک روسی میزائل حملے میں آٹھ افراد ہلاک ہو گئے تھے۔
صدر زیلنسکی کی کابینہ کے ایک نائب وزیر اولیکسی کولیبا نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹیلیگرام پر ایک پوسٹ میں لکھا کہ روس اس علاقے میں اپنے جنگی حملے اس لیے مسلسل تیز کرتا جا رہا ہے کہ اوڈیسا کے علاقے کے لیے فوجی رسد کے راستوں کو نشانہ بنا سکے۔











