آسٹریلیا کے سابق مایہ ناز بلے باز ڈیمین مارٹن کو طبیعت خراب ہونے پر باکسنگ ڈے کے موقع پر اسپتال میں داخل کرایا گیا، جس کے بعد کرکٹ حلقوں میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے۔
آسٹریلوی میڈیا رپورٹس کے مطابق 54 سالہ سابق کرکٹر کو میننجائٹس کا شبہ ہے، جو ایک خطرناک بیماری سمجھی جاتی ہے۔
میننجائٹس دماغ اور ریڑھ کی ہڈی کے گرد موجود جھلیوں کی سوزش کو کہا جاتا ہے، جو بروقت علاج نہ ہونے کی صورت میں جان لیوا بھی ثابت ہو سکتی ہے۔
آسٹریلیا کے سابق وکٹ کیپر اور قریبی دوست ایڈم گلکرسٹ نے کہا کہ ڈیمین کو بہترین طبی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔ ان کی ساتھی امانڈا اور خاندان جانتا ہے کہ دنیا بھر میں لوگ ان کے لیے دعائیں کر رہے ہیں۔
سابق آسٹریلوی کوچ اور طویل عرصے کے ساتھی ڈیرن لیہمن نے بھی سوشل میڈیا پلیٹ فارم X پر پیغام دیتے ہوئے لکھاڈھیر ساری محبت اور دعائیں… مضبوط رہو اور لڑتے رہو، لیجنڈ۔ خاندان کے لیے بھی نیک تمنائیں۔
ڈیمین مارٹن کو کرکٹ تاریخ کے بہترین اسٹروک میکرز میں شمار کیا جاتا ہے۔ انہوں نے 1992 سے 2006 کے دوران 67 ٹیسٹ میچز اور 208 ون ڈے انٹرنیشنل کھیلے، انہوں نے 46.37 کی اوسط سے 13 ٹیسٹ سنچریاں بنائیں۔
ڈیمین مارٹن 2003 ورلڈ کپ جیتنے والی آسٹریلوی ٹیم کا بھی حصہ تھے، جہاں فائنل میں بھارت کے خلاف 88 ناٹ آؤٹ کی شاندار اننگز کھیل کر رکی پونٹنگ کے ساتھ میچ وننگ شراکت قائم کی۔
ڈیمین مارٹن نے 2006 ایشز سیریز کے دوران کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لی اور اس کے بعد زیادہ تر لو پروفائل زندگی گزارتے رہے۔











