اسلام آباد میں منعقد ہونے والی پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی دو نئی ٹیموں کی نیلامی کا عمل مکمل ہو گیا ہے اور یہ ٹیمیں بالترتیب 175 کروڑ اور 185 کروڑ روپے میں فروخت کر دی گئی ہیں۔
پی ایس ایل کی ساتویں ٹیم ایف کے ایس گروپ نے ایک ارب 75 کروڑ روپے کی کامیاب بولی دے کر خریدی۔ امریکا میں کرکٹ کی مختلف ٹیموں کے مالک اس سرمایہ کار گروپ نے ٹیم کے نام کے لیے حیدرآباد شہر کا انتخاب کیا۔
آٹھویں ٹیم او زی ڈیولپرز 185 کروڑ روپے میں حاصل کی اور اسے سیالکوٹ کا نام دیا۔
کامیاب بولیوں کی رقم دراصل سالانہ فیس ہے جو ساتویں اور آٹھویں ٹیم کے مالکان سالانہ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کو ادا کریں گے۔
بولی جیتنے والی فرنچائزز کو 10 برس کے لیے حقوق دیے جائیں گے جو 2035 تک جاری رہیں گے۔ جبکہ بعد میں فرسٹ رائٹ آف ریفیوزل (یعنی ترجیحی تجدید کا حق) بھی حاصل ہو گا۔
بولی دستاویز کے مطابق پی سی بی نے ہر نئی فرنچائز کو آئندہ پانچ سیزنز کے لیے کم از کم 85 کروڑ روپے فی سیزن آمدن کی ضمانت دی ہے۔











