سلمان خان اور رشمیکا مندانا کی فلم ’سکندر‘ سال 2025 کی سب سے بڑی باکس آفس ناکامی ثابت ہوئی، جس کی لاگت بھی پوری نہ ہو سکی۔ اب فلم کی ہیروئن رشمیکا مندانا نے پہلی بار فلم کے فلاپ ہونے کی وجہ پر کھل کر بات کی ہے۔
رشمیکا مندانا نے حال ہی میں دیے گئے انٹرویو میں بتایا کہ جب انہیں ہدایتکار اے آر مرگداس نے فلم کی اسکرپٹ سنائی تھی تو وہ بالکل مختلف تھی، تاہم شوٹنگ کے دوران کہانی میں بڑی تبدیلیاں کر دی گئیں۔
ان کا کہنا تھا کہ فلم سازی کے عمل میں اسکرپٹ، اداکاری، ایڈیٹنگ اور ریلیز کے وقت کئی تبدیلیاں آنا عام بات ہے، اور ’سکندر‘ کے ساتھ بھی ایسا ہی ہوا۔ رشمیکا کے مطابق جس کہانی کے لیے انہوں نے فلم سائن کی تھی، حتمی شکل اس سے کافی مختلف تھی۔
اس سے قبل فلم کے ہدایتکار اے آر مرگداس بھی ’سکندر‘ کی ناکامی پر بات کر چکے ہیں۔ انہوں نے اس کی ذمہ داری فلم کی زبان اور سلمان خان کے ورک کلچر پر ڈالتے ہوئے کہا تھا کہ بڑے اسٹار کے ساتھ کام کرنا آسان نہیں ہوتا۔ مرگداس کے مطابق سلمان خان اکثر رات 8 بجے سیٹ پر آتے تھے، جس کی وجہ سے شوٹنگ کا شیڈول متاثر ہوتا رہا۔
زبان کے مسئلے پر بات کرتے ہوئے مرگداس نے کہا تھا کہ اپنی مادری زبان تامل میں وہ بہتر انداز میں ناظرین کو سمجھ سکتے ہیں، جبکہ ہندی میں انہیں صرف اسکرین پلے پر انحصار کرنا پڑتا ہے، جو فلم کی کامیابی کے لیے کافی نہیں ہوتا۔
ہدایتکار کے ان بیانات پر سلمان خان نے اپنے شو ’بگ باس 19‘ میں ردِعمل دیتے ہوئے طنزیہ انداز اختیار کیا۔ سلمان خان نے کہا کہ وہ سیٹ پر تاخیر سے اس لیے پہنچتے تھے کیونکہ ان کی پسلی ٹوٹی ہوئی تھی اور انہیں جان سے مارنے کی دھمکیاں بھی مل رہی تھیں، جس کے باعث اضافی سیکیورٹی درکار تھی۔
سلمان خان نے مرگداس کی اس وقت ریلیز ہونے والی فلم ’مدراسی‘ پر بھی طنز کرتے ہوئے کہا کہ اس فلم میں ہیرو صبح 6 بجے سیٹ پر آتا تھا، اس کے باوجود فلم فلاپ ہوئی، جبکہ ’سکندر‘ کی کہانی مضبوط تھی۔
واضح رہے کہ اے آر مرگداس کی ہدایتکاری میں بننے والی تامل فلم ’مدراسی‘ ستمبر 2025 میں ریلیز ہوئی تھی، جس پر تقریباً 200 کروڑ روپے لاگت آئی، مگر فلم صرف 100 کروڑ کا بزنس کر سکی اور فلاپ قرار پائی۔











