پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور تجربہ کار آل راؤنڈر شعیب ملک نے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سے باضابطہ طور پر ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا ہے۔ 43 سالہ شعیب ملک نے لیگ کے 10 سالہ شاندار سفر کے بعد پی ایس ایل کو الوداع کہہ دیا۔
اپنے پیغام میں شعیب ملک نے کہا کہ انہوں نے گزشتہ دس برسوں میں پی ایس ایل کے دوران میدان کے اندر اور باہر ہر لمحے سے بھرپور لطف اٹھایا۔ ان کا کہنا تھا کہ پی ایس ایل جیسی بڑی لیگ کا حصہ بننا ان کے لیے اعزاز کی بات ہے۔
شعیب ملک نے مزید کہا کہ اگرچہ اب ان کے لیے پی ایس ایل کا سفر ختم ہو رہا ہے، لیکن کرکٹ کی بہتری کے لیے ان کا جذبہ اور عزم برقرار رہے گا۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ مستقبل میں بھی وہ کسی نہ کسی صورت میں کرکٹ کے فروغ کے لیے اپنی خدمات پیش کرتے رہیں گے۔
آخر میں آل راؤنڈر نے پی ایس ایل انتظامیہ، ٹیموں اور شائقین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اب وقت آ گیا ہے کہ وہ اس خوبصورت سفر کو یہیں اختتام تک پہنچائیں۔











