اہم ترین

رات کی زندگی ہے دل کی کھلی دشمن: نئی تحقیق نے خطرے کی گھنٹی بجادی

رات دیر تک جاگنے کے عادی افراد کے لیے تشویشناک انکشاف سامنے آ گیا ہے۔ تازہ سائنسی تحقیق کے مطابق رات کو متحرک رہنے والے افراد میں دل کا دورہ یا فالج پڑنے کا خطرہ عام لوگوں کے مقابلے میں 16 فیصد زیادہ پایا گیا ہے۔

جرنل آف دی امریکن ہارٹ ایسوسی ایشن میں شائع تحقیق کے مطابق برطانیہ کے بائیوبینک کے 3 لاکھ 22 ہزار سے زائد افراد کے ڈیٹا کا اوسطاً 14 برس تک جائزہ لیا گیا۔ تحقیق میں صبح جلدی جاگنے والوں، درمیانی عادت رکھنے والوں اور رات کو جاگنے والوں کا تقابلی مطالعہ کیا گیا۔

ماہرین کے مطابق رات کو جاگنے والے افراد میں نیند کے قدرتی نظام (سرکیڈین ردھم) کی خرابی زیادہ ہوتی ہے، جس کے باعث سگریٹ نوشی، غیر صحت بخش غذا، کم جسمانی سرگرمی، ذہنی دباؤ اور بلڈ پریشر جیسے مسائل جنم لیتے ہیں—جو دل کی بیماریوں کا باعث بنتے ہیں۔

تحقیق میں یہ بھی انکشاف ہوا کہ نائٹ آؤلز کی بڑی تعداد دل کی صحت سے متعلق بنیادی 8 اصولوں پر پورا نہیں اترتی، جن میں بہتر غذا، صحت مند نیند، ورزش، وزن، شوگر اور بلڈ پریشر کا کنٹرول شامل ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ خطرہ ناقابلِ علاج نہیں بلکہ طرزِ زندگی میں تبدیلی، بہتر نیند، صبح کی روشنی میں وقت گزارنے اور صحت مند عادات اپنانے سے دل کو محفوظ بنایا جا سکتا ہے۔

پاکستان