اہم ترین

ٹی 20 ورلڈ کپ: اعصاب شکن مقابلے کے بعد پاکستان نے نیدرلینڈز کو ہرا دیا

آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے افتتاحی میچ میں پاکستان نے نیدرلینڈز کو شکست دے کر ٹورنامنٹ کا مثبت آغاز کر لیا، تاہم یہ کامیابی اتنی آسان نہیں تھی جتنی اسکور بورڈ پر نظر آتی ہے۔

کولمبو کے سنہالیز اسپورٹس کلب گراؤنڈ میں کھیلے گئے میچ میں نیدرلینڈز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 19.5 اوورز میں 147 رنز بنا کر پوری ٹیم آؤٹ کروا دی، جواب میں پاکستان نے ہدف آخری اوور میں سات وکٹوں کے نقصان پر حاصل کیا۔

ڈچ بیٹنگ: اچھا آغاز، کمزور انجام

نیدرلینڈز کی جانب سے اوپنر مائیکل لیوٹ نے پہلی ہی گیند پر چوکا لگا کر جارحانہ آغاز کیا، تاہم جلد ہی سلمان مرزا نے میکس او ڈاؤڈ کو پویلین بھیج کر پہلی کامیابی دلائی۔

پاور پلے میں ڈچ ٹیم نے 50 رنز مکمل کیے، لیکن ابرار احمد نے آٹھویں اوور میں ایکر مین کو 20 رنز پر آؤٹ کر کے رفتار توڑ دی۔ تیرہویں اوور میں اسکور 100 تک پہنچا مگر 105 پر ڈی لیڈے (30) آؤٹ ہو گئے۔

ابرار احمد نے ایڈورڈز کو 37 رنز پر شکار بنایا، جبکہ سائم ایوب نے ایک ہی اوور میں لوگن وین بیک (صفر) اور زیک لائن-کاشیٹ (9) کو آؤٹ کر کے میچ کا پانسہ پلٹ دیا۔

آخری لمحات میں شاہین آفریدی اور سلمان مرزا نے مزید وکٹیں سمیٹ کر نیدرلینڈز کی اننگز 147 پر ختم کر دی۔

بولنگ میں سلمان مرزا کا جادو

پاکستان کی جانب سے سلمان مرزا نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 3.5 اوورز میں 24 رنز دے کر 3 وکٹیں حاصل کیں اور نمایاں بولر رہے۔

محمد نواز، ابرار احمد اور سائم ایوب نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں جبکہ شاہین آفریدی نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

ہدف کا تعاقب: ڈگمگاتا پاکستان

پاکستان کی اننگز کا آغاز صائم ایوب اور صاحبزادہ فرحان نے کیا۔ صائم ایوب نے حسبِ روایت جارحانہ کھیل پیش کیا اور 13 گیندوں پر 24 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔

کپتان سلمان علی آغا 53 کے مجموعے پر 12 رنز بنا کر پویلین لوٹے۔ 98 کے اسکور پر یکے بعد دیگرے دو وکٹیں گرنے سے اسٹیڈیم میں خاموشی چھا گئی۔ صاحبزادہ فرحان 47 رنز بنا کر جبکہ عثمان خان صفر پر آؤٹ ہوئے۔

اگلے ہی اوور میں بابر اعظم بھی 15 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے، اور یوں ایک لمحے کو پاکستانی شائقین کو اپ سیٹ کا خدشہ محسوس ہونے لگا۔

محمد نواز اور شاداب خان کی 114 کے اسکور پر وکٹیں گرنے کے بعد دباؤ عروج پر تھا۔

فہیم اشرف: دباؤ میں ہیرو

ایسے نازک وقت میں فہیم اشرف چٹان بن کر کھڑے ہوئے۔ انہوں نے نہایت پراعتماد اور ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے صرف 11 گیندوں پر 29 رنز کی ناقابلِ شکست اننگز کھیلی اور پاکستان کو آخری اوور میں فتح دلا دی۔

پاکستان