اہم ترین

کرپٹوایکسچینج کی بڑی غلطی، 40 ارب ڈالر کے بٹ کوائن صارفین کو منتقل

جنوبی کوریا کی معروف کرپٹو کرنسی ایکسچینج بیتھمب نے ایک بڑی تکنیکی غلطی پر معذرت کر لی ہے، جب ایک پروموشنل مہم کے دوران صارفین کو غلطی سے 40 ارب ڈالر سے زائد مالیت کے بٹ کوائن منتقل ہو گئے، جس کے بعد پلیٹ فارم پر شدید اتار چڑھاؤ دیکھا گیا۔

ایکسچینج کے مطابق6 فروری کو غلطی سے 6 لاکھ 20 ہزار بٹ کوائن 695 صارفین کو منتقل ہو گئے، جس کے صرف 35 منٹ بعد متاثرہ اکاؤنٹس کے لیے ٹریڈنگ اور رقم نکلوانے کی سہولت بلاک کر دی گئی۔

جنوبی کوریا کے 2 ہزار وون کے بجائے 2 ہزار بٹ کوائن

مقامی رپورٹس کے مطابق بیتھمب ہر صارف کو ایک پروموشن کے تحت 2 ہزار وون (تقریباً 1.37 ڈالر) بھیجنے والا تھا، تاہم سسٹم کی غلطی کے باعث ہر صارف کو تقریباً 2 ہزار بٹ کوائن منتقل ہو گئے جو اربوں ڈالر کی مالیت بنتی ہے۔

چند منٹوں میں شدید مندی

ایکسچینج نے اعتراف کیا کہ اس غلطی کے بعد کچھ صارفین نے فوری طور پر بٹ کوائن فروخت کر دیے، جس سے پلیٹ فارم پر قیمتوں میں شدید اتار چڑھاؤ آیا۔

چارٹس کے مطابق بٹ کوائن کی قیمت عارضی طور پر 17 فیصد گر کر 81.1 ملین وون تک آ گئی، تاہم پانچ منٹ کے اندر صورتحال کو کنٹرول کر لیا گیا۔

ہیکنگ نہیں، داخلی غلطی

بیتھمب نے واضح کیا کہ یہ واقعہ کسی ہیکنگ یا سیکیورٹی بریک کا نتیجہ نہیں تھا بلکہ مکمل طور پر داخلی نظام کی غلطی کے باعث پیش آیا۔

ایکسچینج کے مطابق، 99.7 فیصد بٹ کوائن واپس حاصل کر لیے گئے ہیں، جبکہ باقی رہ جانے والی رقم ایکسچینج اپنے ذاتی اثاثوں سے پوری کرے گا۔

عالمی سطح پر بٹ کوائن دباؤ میں

دوسری جانب دنیا کی سب سے بڑی کرپٹو کرنسی بٹ کوائن اس ہفتے عالمی منڈی میں بھی دباؤ کا شکار رہی، جس کے نتیجے میں نومبر 2024 میں امریکی صدارتی انتخابات کے بعد حاصل ہونے والے منافع کا بڑا حصہ ختم ہو گیا۔

پاکستان