اسلام ۤباد کے پمز اسپتال میں جاں بحق ہونے والے 14 نومولود بچوں کی میتیں والدین اور متعلقہ حکام کے حوالے کرنے کی مزید تفصیلات سامنے آگئی ہیں۔ 13 نومولود بچوں کی میتیں ان کے والدین کے سپرد کردی گئیں، جبکہ ایک بچے کی میت والدین کی عدم دستیابی کے باعث ایدھی فاؤنڈیشن کے حوالے کی گئی۔
وزارتِ صحت کے مطابق متاثرہ خاندانوں کے لیے اعلان کردہ 50 لاکھ روپے کی مالی امداد ایدھی فاؤنڈیشن کو دی جائے گی۔
پمز اسپتال کے مطابق مذکورہ بچے کو ایک خاتون نے 21 جون کو جنم دینے کے بعد اسپتال میں چھوڑ دیا تھا۔ بچہ 21 جون سے پمز اسپتال کی نرسری میں زیرِ علاج تھا۔
میتوں کی شناخت اور لواحقین کے حوالے کیے جانے کے عمل کے دوران یہ بچہ لاوارث پایا گیا۔ بتایا گیا ہے کہ بچے کی ماں 15 سالہ نو عمر لڑکی تھی، جو بچے کی پیدائش کے بعد روپوش ہوگئی۔
پمز انتظامیہ کا کہنا ہے کہ اس معاملے میں کسی شخص کی جانب سے شکایت درج نہیں کرائی گئی، جس کے باعث اس وقت بچے کی ماں کو تلاش کرنے کی کارروائی شروع نہیں کی گئی۔
بچے کی والدہ تاحال لاپتا ہے، جبکہ بچے کی میت والدین کی عدم دستیابی کے باعث ایدھی فاؤنڈیشن کے سپرد کردی گئی ہے۔










