اہم ترین

چیف جسٹس معاشی مسائل کے حل کے لیے حکومت کے ساتھ ہیں: وزیر اعظم

وزیر اعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ چیف جسٹس نے کہا ہے کہ حکومت اپنے محکموں کو ٹھیک کریں عدلیہ کی طرف سے کوئی تاخیر نہیں ہوگی۔

اسلام آباد میں وزیر اعظم شہباز شریف کی سربراہی میں وفاقی کابینہ کے اجلاس میں پانچ نکاتی ایجنڈا پر غور کیا گیا۔اس موقع پر اسلام آباد ہائیکورٹ کے ججز کے خط پر تحقیقات کے لیے انکوائری کمیشن کے قیام کی منظوری دی گئی۔

اجلاس سے خطاب کے دوران ہم نے پانچ برس میں پاکستان کی معیشت کو بدلنا ہے۔ تمام وزارتوں کے اہداف کے حصول کے لیے جلد حکمت عملی بنائی جائے گی۔بعض وزارتوں کے اہداف 100 دن، چھ مہینے اور پانچ سال کے لیے ہیں۔ اگلے پانچ برس میں برآمدات کو دُگنا کرنا ہے۔

وزیر اعظم نے کہا کہ ہم ایف بی آر کی ڈیجیٹائزیشن کرنے جا رہے ہیں، سرکاری اخراجات میں خاطر خواہ کمی لے کر آنی ہے۔

انہوں نے کہا کہ معیشت کا پہیہ چلے گا تو تمام معاملات چلیں گے، ترقی کے حصول کے لیے نوجوان نسل کو خصوصی تربیت دینا ہو گی۔ ہمیں زراعت کے میدان میں ترقی کرنی ہے،پاکستان سے چینی اور گندم کی اسمگلنگ روکنی ہو گی۔

وزیر اعظم نے کہا کہ چیف جسٹس نے پورا یقین دلایا کہ وہ معاشی مسائل کے حل کے لیے حکومت کے ساتھ ہیں، چیف جسٹس نے کہا کہ حکومت اپنے محکموں کو ٹھیک کریں عدلیہ کی طرف سے کوئی تاخیر نہیں ہوگی.

شہباز شریف نے کہا کہ گزشتہ دو تین سال میں دہشت گردی کے ناسور نے دوبارہ سر اٹھایا ہے، بشام میں چینی باشندوں پر حملہ دونوں ملکوں کی دوستی کے خلاف دشمنوں کی سازش ہے اور اس کی تفتیش میں پیش رفت ہوئی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ملکی قیادت اور عوام واقعے پر چینی حکومت اور عوام کے ساتھ ہیں۔چینی قیادت کو یقین دلایا کہ واقعہ کی فوری تحقیقات کی جائیں گی۔

پاکستان