اہم ترین

اسکاٹ لینڈ کے ہاکستانی نژاد وزیر اعظم حمزہ یوسف مستعفی

اسکاٹ لینڈ کے فرسٹ منسٹر (وزیر اعظم)حمزہ یوسف اپنے خلاف عدم اعتماد کی تحریک کا سامنا کرنے کے بجائے عہدے سے مستعفی ہو گئے ہیں۔

برنابوی نیوز ویب سائیٹ انڈیپینڈینٹ کے مطابق اسکاٹ لینڈ برطانیہ کا نیم خودمختار حصہ ہے۔ مرکزی حکومت کے سربراہ کے لیے وزیرِ اعظم کی اصطلاح استعمال ہونے کی وجہ سے اسکاٹ لینڈ کے وزیر اعظم کو فرسٹ منسٹر کہا جاتا ہے۔

گزشتہ برس پاکستانی نژاد سیاست دان حمزہ یوسف فرسٹ منسٹر کے عہدے پر براجمان ہوئے تھے۔ وہ غزہ میں اسرائیلی کارروائیوں کے بھی شدید ناقد تھے۔ اندرونی طور پر انہیں اپنے موقف کی وجہ سے تنقید کا سامنا بھی کرنا پڑا اور غزہ کے لیے ان کی حکومت کی جانب سے امداد فراہم کرنے پر بھی سوال اٹھائے گئے ۔

حمزہ یوسف کی اسکاٹش نیشنل پارٹی کو مالی معاونت سے متعلق ایک اسکینڈل کا سامنا تھا جب کہ جماعت کے اندر ٹرانس جینڈر حقوق پر بھی اختلاف تھا۔ایوان میں عددی اکثریت برقرار رکھنے کے لیے حمزہ یوسف کو ایک قوم پرست جماعت البا پارٹی کی واحد نشست کی ضرورت تھی۔

البا پارٹی سے معاہدے میں ناکامی کے بعد ان کے لیے عدم اعتماد کی صورت میں حکومت برقرار رکھنا ممکن نہیں رہا تھا۔ اس لیے حمزہ یوسف نے عدم اعتماد کی تحریک کا سامنا کرنے کے بجائے مستعفی ہونے کو ترجیح دی۔

پاکستان