اہم ترین

بنگلا دیش دوسرا ٹی20بھی ہار گیا: سیریز پاکستان کے نام

پاکستان نے لاہور میں کھیلی جارہی ٹی 20 سیریز کے دوسرے میچ میں بھی بنگلا دیش کو ہراکر سیریز اپنے نام کرلی۔

قذافی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مسلسل دوسرا 200 سے زائد رنز کا مجموعہ اسکور کیا۔ 202 رنز کے تعاقب میں بنگلہ دیش کی پوری ٹیم 19ویں اوور میں 144 رنز بنا کر ڈھیر ہو گئی۔

فرحان، حسن اور حارث چھاگئے

پاکستان نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا آغاز کیا تو ابتدائی اوورز میں صائم ایوب صرف چار رنز پر رن آؤٹ ہو گئے۔

صاحبزادہ فرحان اور محمد حارث نے دوسری وکٹ کے لیے 54 گیندوں پر 103 رنز کی شراکت قائم کر کے اننگز کو مستحکم کیا۔

فرحان اور حارث کی جوڑی نے مہمان بولرز کی خوب دھلائی کی۔ فرحان نے چھ چھکے اور چار چوکے لگائے جبکہ حارث کی اننگز میں دو چھکے اور چار چوکے شامل تھے۔

اننگز کے آخری لمحات میں حسن نواز نے تین چھکوں اور دو چوکوں کی مدد سے اسکور کو بڑھایا۔

فرحان نے 41 گیندوں پر74 رنز بنائے، حسن نواز نے 26 گیندوں پر ناقابل شکست 51 رنز اور محمد حارث نے 25 گیندوں پر 41 رنز اسکور کیے۔کپتان سلمان آغا 19 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ شاداب خان نے سات رنز اسکور کیے۔

بنگلا دیش کی اننگز

بنگلا دیشی بیٹرز نے ہدف کے تعاقب کے لئے بھرپور انداز میں اننگز کا آغاز کیا۔ تاہم چوتھے اوور میں 44 کے اسکور پر پہلی وکٹ گرنے کے بعد مہمان بیٹرز کے آؤٹ ہونے کی قطار لگ گئی۔

بنگال ٹائیگرز کے 9 اوورز میں 70 پر چھ وکٹیں گرنے کے بعد مہمان ٹیم کے سیریز برابر کرنے کی امید ختم ہو گئی۔ 19ویں اوور میں بنگلا دیش کی پوری ٹیم 144 رنز بنا کر ڈھیر ہو گئی۔

بنگلا دیش کی جانب سے تنظیم حسن شاقب 50 رنز بنا کا نمایاں رہے۔ تنزید حسن 33، مہدی حسن میراز 23، پرویز حسین ایمان آٹھ، شمیم حسین سات، کپتان لٹن داس چھ، توحید ہردوئی پانچ، رشاد حسین ایک اور جاکر علی صفر پر آؤٹ ہوئے۔

حسن محمود آٹھ رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ پویلین لوٹے جبکہ شریف الاسلام نے انجری کے باعث بیٹنگ ہی نہیں کی۔

پاکستان