پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے اظہر محمود کو پاکستان ٹیم کا قائم مقام ریڈ بال ہیڈ کوچ مقرر کردیا۔
پہلے ہی ٹیسٹ میچ میں سنچری اور نصف سنچری اسکور کرنے والے سابق آل راؤنڈر اظہر محمود نے پاکستان کی جانب سے 143 ایک روزہ میچز اور 21 ٹیسٹ کھیلے۔ وہ طویل عرصے سے قومی کرکٹ ٹیم منیجمنٹ کا ایک اہم حصہ رہے ہیں۔ انہوں نے کئی ذمہ داریاں نبھائی ہیں۔
پاکستانی اور برطانوی شہریت کے حامل اظہر محمود کا پی سی بی سے اپریل 2026 تک معاہدہ ہے، مائیک ہیسن کے ہیڈ کوچ بننے کے بعد اظہر محمود ٹیم منیجمنٹ کا حصہ نہیں رہے تھے۔ لیکن اب انہیں ریڈ بال فارمیٹ میں پاکستانی کرکٹ ٹیم کا عارضی ہیڈ کوچ بنایا گیا ہے۔ وہ اس عہدے پر کسی موزوں شخص کی تقرری پر ذمہ داریاں نبھائیں گے۔
سابق آسٹریلوی پیسر جیسن گلپسی نے دسمبر 2024 میں قومی کرکٹ ٹیم کے ریڈ بال ہیڈ کوچ کی حیثیت سے 6 ماہ تک خدمات سرانجام دینے کے بعد استعفیٰ دیا تھا۔ جس کے بعد عاقب جاوید نے عارضی طور پر ذمہ داریاں سنبھالی تھیں