اہم ترین

بنگلا دیش کی سابق وزیر اعظم شیخ حسینہ کو 6 ماہ قید کی سزا

بھارت میں جلا وطنی اختیار کرنے والی بنگلا دیش کی سابق وزیر اعظم شیخ حسینہ کو ان کے ملک کے انٹرنیشنل کرائمز ٹربیونل نے توہین عدالت کا مرتکب قرار دیتے ہوئے6 ماہ قید کی سزا سنادی۔

بنگلا دیشی میڈیا کے مطابق انٹرنیشنل کرائمز ٹربیونل نے شیخ حسینہ وطن واپس آنے کا حکم دیاتھا ۔لیکن وہ واپس نہیں آئیں۔

جسٹس محمد غلام مرتضیٰ مجمدار کی صدارت میں انٹرنیشنل کرائمز ٹربیونل کے تین رکنی بنچ نے یہ فیصلہ سنایا۔

شیخ حسینہ کو یہ سزا ایک ایسے وقت میں سنائی گئی ہے جب ان کے خلاف طلبہ تحریک کے دوران ہونے والے اجتماعی قتل، ریاستی طاقت کے غلط استعمال اور انسانیت کے خلاف جرائم میں کلیدی ملزم کی حیثیت سے مقدمہ زیرسماعت ہے۔ اس مقدمے کی سماعت قومی ٹی وی چینل پر براہ راست نشر کی جاتی ہے۔

چیف پراسیکیوٹر محمد تاج الاسلام کےمطابق سابق وزیر داخلہ اسد الزماں خان کمال اور سابق آئی جی پی چودھری مامون کو بھی شریکِ ملزم بنایا گیاہے۔ استغاثہ کے پاس ویڈیو فوٹیج، آڈیو کلپ، فون کالز، ڈرون اور ہیلی کاپٹر کی نقل و حرکت کے شواہد اور متاثرین کے بیانات موجود ہیں جو ظاہر کرتے ہیں کہ مظاہرین پر تشدد اور قتل کے احکامات خود شیخ حسینہ نے دیے۔

شیخ حسینہ اس وقت بھارت کے دارالحکومت نئی دہلی میں خود ساختہ جلا وطنی کاٹ رہی ہیں۔ وہ اگست 2024 میں حکومت کے خاتمے اور ملک گیر احتجاج کے بعد بنگلا دیش سے بھارت فرار ہو گئی تھیں۔

پاکستان