لیجنڈ ٹی وی اداکارہ مرینہ خان کہتی ہیں کہ ریٹنگ کی دوڑ نے ہمارے ڈرامے کا معیار گرادیا ہے۔ ہمیں ڈراموں کی تعداد بڑھانے کے بجائے اداکاروں پر توجہ دینے کی ضرروت ہے۔
احمد علی بٹ کے پوڈکاسٹ میں بات کرتے ہوئے مرینہ خان نے کہا کہ مصنف کی ایک حد ہوتی ہے۔ اسے پار کرنے پر گڑ بڑ ہوتی ہے۔ ہمارے ملک میں انٹرٹینمنٹ چینلز شام 7 سے رات 11 بجے تک نئے ڈرامے نشر کرتے ہیں ۔ انٹرٹینمنٹ چینلز کو اس کے لئے زیادہ ڈرامے بنانا ہوتے ہیں۔ اس کااثر معیار پر پڑتا ہے۔
مرینہ خان کا کہنا تھا کہ ہمارے یہاں ڈراما نویس سب کے لئے ایک ہی زبان اور انداز استعمال کرتا ہے۔ وہ کرداروں میں فرق نہیں کررہا ۔غریب متوسط اور امیر لوگوں کے گفتگو کا انداز الگ الگ ہوتا ہے لیکن ہمارے ڈراما بنانے والے یہ نہیں سمجھتے۔
انہوں نے کہا کہ ہم اداکاروں سے زیادہ پروڈکشن پر سرمایہ لگارہے ہیں۔ جس کی وجہ سےاس شعبے میں کم تربیت یافتہ لوگ آگئے ہیں۔ وقت ہی اصل دولت ہے لیکن ہم ایسا نہیں سمجھتے ۔ ایک ڈراما 4 ماہ میں بنتا ہے اوروہیں ڈراما ایک سال میں بھیبنتا ہے لیکن 4 مہینے میں بننے والے ڈرامے سے اداکار مشین ہی لگے گا۔