اہم ترین

آئندہ 5 سال میں 10لاکھ اے آئی اسپیشلسٹ: کابینہ میں نیشنل اے آئی پالیسی 2025 منظور

وفاقی کابینہ نے پاکستان کو عصری تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے، عام آدمی کی آرٹیفیشل انٹیلی جینس ٹیکنالوجی تک رسائی، ملک میں مکمل اے آئی ایکوسسٹم کے قیام اور اس حوالے سے روزگار کے مواقع پیدا کرنے کیلئے نیشنل اے آئی پالیسی 2025 کی منظوری دے دی۔

وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعد جاری کردہ اعلامیےکے مطابق وفاقی کابینہ کو نیشنل اے آئی پالیسی 2025 کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی.

بریفنگ کےدوران اجلاس کےشرکا کو 2030 تک دنیا بھر میں اے آئی کے ذریعے آنے والے ممکنہ انقلاب اور عالمی معیشت پر اس کے مالی اثرات کے تخمینے سے آگاہ کیا گیا

اجلاس کے شرکا کو بتایا گیا کہ نیشنل اے آئی پالیسی پاکستان میں پبلک سروسز کی بہتری، پیداور بشمول زرعی شعبے کی پیداوار، معاشی شمولیت، ہنر و تربیت اور روزگار کی فراہمی میں بھرپور معاونت فراہم کرے گی۔

متعلقہ حکام نے بتایا کہ نیشنل اے آئی پالیسی 2025 کی تشکیل میں تمام اسٹیک ہولڈرز بشمول سرکاری، صنعتی، تعلیمی شعبوں اور سول سوسائٹی سے مشاورت یقینی بنائی گئی ہے. نئی پالیسی کے تحت ملک میں آرٹیفیشل انٹیلیجینس کا ایک مکمل ایکو سسٹم تشکیل دیا جارہا ہے۔ اے آئی انوویشن فنڈ اور اے آئی وینچر فنڈکے ذریعے نجی شعبے کی حوصلہ افزائی کی جائے گی۔

وفاقی کابینہ کو بتایا گیاکہ ملک گیر آگاہی کے ساتھ ساتھ اے آئی میں تعلیم و تربیت، آسان شرائط پر قرضوں کی فراہمی اور خواتین و خصوصی صلاحیتوں کے حامل افراد کی اس ٹیکنالوجی تک رسائی یقینی بنائی جائے گی۔ سائبر سیکیورٹی، نیشنل ڈیٹا سیکیورٹی کے ساتھ ساتھ پالیسی کے تحت سرکاری شعبے میں اے آئی کے استعمال میں اضافے اور اسکے ماحولیاتی اثرات کیلئے اقدامات بھی پالیسی میں شامل ہیں۔

وفاقی وزرا اور دیگر اہم شخصیات کو بتایاگیا کہ پالیسی کی تشکیل میں بین الاقوامی شراکت داریاں، اے آئی کے عالمی سطح پر رائج ضوابط کو بھی مدنظر رکھا گیا ہے. اس میں 2030 تک اے آئی کے شعبے میں 10 لاکھ تربیت یافتہ افراد، 3 ہزار سالانہ وظائف، ایک ہزار مقامی اے آئی مصنوعات کے اہداف شامل کئے گئے ہیں۔ آئندہ 5 سالوں میں 50 ہزار اے آئی شہری منصوبے، ایک ہزار تحقیقی منصوبوں کیلئے اقدامات شامل ہیں۔

اس موقع پر وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ ملکی ترقی کے لیے اے آئی سے استفادہ حاصل کرنے کے حوالے سے بروقت پالیسی سازی کیلئے وزارت آئی ٹی اور متعلقہ اداروں کے اقدامات لائق تحسین ہیں. بعد ازاں وفاقی کابینہ نے نیشنل اے آئی پالیسی 2025 کی متفقہ طور پر منظوری دے دی۔

پاکستان