اہم ترین

حج کے خواہشمند ہو جائیں تیار: درخواستیں اور رقم جمع کرانےکا عمل شروع

وفاقی حکومت کی آئندہ برس کے لئےجاری حج پالیسی کے مطابق پہلے آئیے پہلے پائیے کی بنیاد پر رجسٹرڈ افراد کیجانب سے درخواستیں اور رقم جمع کرانےکا عمل شروع ہوگیا ہے۔

وزارت مذہبی امور کے مطابق نامزد بینکوں اور آن لائن پورٹل کے ذریعے حج درخواستیں جمع کروانے کی سہولت دستیاب ہے۔پہلے آئیے پہلے پائیے کی بنیاد پر رجسٹرڈ افراد سے پہلی قسط 4 تا 9 اگست وصول کی جائے گی۔

نشستیں دستیاب ہونے پر 11 تا 16 اگست نئے عازمین حج بھی اپلائی کر سکیں گے۔ نشستیں مکمل ہوتے ہی حج واجبات کی وصولی روک دی جائے گی۔ حج پیکیج کی دوسری قسط یکم نومبر سے وصول کی جائے گی۔

حج پیکیج 2026 ساڑھے گیارہ تا ساڑھے بارہ لاکھ کے درمیان ہو گا، جس میں حج کی قربانی (دم شکر) شامل ہے۔

وزارت مذہبی امورکے مطابق دوبارہ حج کرنے اور عمر کی بالائی حد کی پابندی ختم ہوچکی ہے۔ یکم مارچ 2014 کے بعد پیدا ہونے والے بچے اپلائی نہیں کر سکتے۔

واضح رہے کہ حج پالیسی کا اعلان کرتےہوئے وفاقی وزیر مذہبی امور سردار یوسف نے کہا تھا کہ پاکستان کا حج کوٹہ ایک لاکھ 79 ہزار 210 ہے تاہم سعودی عرب کی جانب سے حتمی اعلان ہونا با قی ہے، سرکاری سکیم کے تحت ایک لاکھ 19 ہزار 210 جبکہ پرائیویٹ سکیم کے تحت 60 ہزار پاکستانی حج کریں گے،سرکاری سکیم کے تحت عازمین حج کے لیے 38 سے 42 دنوں کا طویل اور 20 سے 25 دن کا شارٹ حج کا پیکج دیا جائے گا۔

پاکستان