کلاوڈ کمپیوٹنگ کے میدان میں گوگل نے اپنی بادشاہت کا عملی ثبوت دے دیا۔۔ میٹا اب گوگل کو کلاوڈ سرورز ، نیٹ ورکنگ اور دیگر سہولیات کے بدلے10 ارب ڈالر ادا کرے گا۔
رائیٹرز کے مطابق گوگل نے میٹا پلیٹ فارمز کے ساتھ چھ سالہ کلاؤڈ کمپیوٹنگ کا معاہدہ کیا ہے ، جس کی مالیت 10 ارب ڈالرز بتائی جارہی ہے۔ دونوں کمپنیوں نے اس معاہدے کی باقاعدہ تصدیق نہیں کی گئی۔
اس معاہدے کو دنیا کے سب سے بڑے انٹر نیٹ سرچ انجن کا اوپن اے آئی کے بعد حال ہی میں کیا گیا دوسرا بڑا معاہدہ کہا جارہا ہے۔ معاہدے کے تحت ، میٹا گوگل کلاؤڈ کے سرورز ، اسٹوریج ، نیٹ ورکنگ اور دیگر خدمات کا استعمال کرے گا ۔
اس سے قبل رواں برس جولائی میں میٹا کے سی ای او مارک زکربرگ نے کہا تھا کہ کمپنی کئی بڑے پیمانے پر اے آئی ڈیٹا سینٹر بنانے کے لیے سیکڑوں ارب ڈالر خرچ کرے گی۔
کمپنی نے گزشتہ ماہ اپنے سالانہ سرمائے کے اخراجات کی پیش گوئی کو 2 ارب ڈالر بڑھا کر 66 ارب ڈالر اور 72 ارب ڈالر تک کردیا تھا۔
کمپنی نے اس ماہ کے شروع میں ایک فائلنگ میں انکشاف کیا تھا کہ میٹا بیرونی شراکت داروں کی تلاش کر رہا ہے تاکہ وہ ڈیٹا سینٹر کے اثاثوں میں 2 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کرکے اے آئی کو طاقت دینے والے انفراسٹرکچر تیار کرسکے۔
جون میں ہی یہ خبریں آرہی تھیں کہ اوپن اے آئی اپنی کمپیوٹنگ کی صلاحیت کی بڑھتی ہوئی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے الفابیٹ کی گوگل کلاؤڈ سروس کو شامل کرنے کا منصوبہ بنا رہا ہے ، جو مصنوعی ذہانت کے شعبے میں دو بڑے حریفوں کے درمیان ایک حیرت انگیز تعاون ہے۔
سودوں کی اس ہلچل کے درمیان گوگل کے کلاؤڈ کمپیوٹنگ یونٹ نے جولائی میں اپنی دوسری سہہ ماہی کی آمدنی میں تقریبا 32 فیصد اضافہ ظاہر کیا۔











