واستو ، پتھیار،، رکھت اور ورودھ جیسی فلمیں بنانے والے اداکار و ہدایت کار مہیش منجریکر اور سنجے دت 20 سال بعد ایک ساتھ کام کریں گے۔
سنجے دت اور مہیش منجریکر بالی ووڈ کے سب سے کامیاب ہدایت کار-اداکار جوڑی میں سے ایک ہیں ۔ اس جوڑی نے 1999 میں واستو جیسی کلٹ فلم پیش کی ، جسے اب بھی سنجے دت کے کیریئر کی اہم ترین فلم قراردیا جاتا ہے۔
اس کے بعد مہیش منجریکر نے کروکشیتر (2000)، ہتھیار (2002) پٹہ (2002) رکت (2004) ورودھ (2005) اور واہ! میں بھی بطور ہدایتکار سنجے دت کے ساتھ کام کیا۔ اب تقریبا دو دہائیوں کے بعد دونوں ایک بار پھر ایک فلم کے لیے اکٹھے آسکتے ہیں ۔
مہیش منجریکر اپنی 2024 کی ہٹ مراٹھی فلم جونا فرنیچر کا ہندی ریمیک بنانے کے لیے پوری طرح تیار ہیں ۔ مہیش منجریکر نے فلم میں مرکزی کردار ادا کیا ۔ فلم کی کہانی اور جذبات نے انہیں اتنا متاثر کیا کہ انہوں نے اسے ہندی سامعین تک لے جانے کا فیصلہ کیا ۔ اور اب اسے ہندی میں بنانے کے لئے کام شروع کر دیا ہے ۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ مہیش نے ریمیک کے لیے سنجے دت سے رابطہ کیا ہے ۔ کیونکہ انہیں لگتا ہے کہ سنجے دت اس کردار کے ساتھ مکمل انصاف کریں گے ۔ ان کی دوستی اور کام کا بہترین تجربہ ہی وجہ ہے کہ مہیش انہیں اس پروجیکٹ میں کاسٹ کرنا چاہتے ہیں۔
یہ فلم ایک بزرگ شہری جونا فرنیچر اور اس کے بیٹے (جو ایک آئی اے ایس افسر ہے) کے درمیان تعلقات پر مبنی ہے۔ جب باپ بار بار پیسے کی ضرورت کے لیے بیٹے پر انحصار کرتا ہے اور ایک دن اسے بیٹے کی جانب سے انکار سننا پڑتا ہے، تو وہ اس کے خلاف مقدمہ درج کردیتا ہے۔
اس سے قبل ایسی خبریں تھیں کہ مہیش منجریکر اور سنجے دت واستو 2 میں ایک ساتھ کام کر سکتے ہیں۔ ایسی صورتحال میں شائقین کے لیے یہ دیکھنا دلچسپ ہوگا کہ کون سا پروجیکٹ پہلے آتا ہے ۔











