گلگت بلتستان میں موسمیاتی تبدیلیوں کےباعث ایک اور واقعہ رونما ہواہے۔ جمعے کی علی الصبح گلیشیئر پھٹنے سے آنے والے سیلاب کی وجہ سے دریائے غذر کا بہاؤ رک گیاہےجبکہ ایک گاؤں کو شدید نقصانپہنچاہے۔
گلگت بلتستان (جی بی) حکومت کے ترجمان فیض اللہ فراق کے مطابق جمعہ کی صبح تقریباً ساڑھے 3 بجے گُلاریر گلیشیئر پھٹنے کے نتیجے میں سادو نالے میں شدید سیلاب آیا۔
انہوں نے کہا کہ سیلاب نے وادی گپیس کے تلیداس گاؤں کو نقصان پہنچایا اور درجنوں گھرانے بے گھر ہوگئے۔ متاثرہ علاقوں میں پھنسے ہوئے لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کے لیے ریسکیو آپریشن شروع کر دیا گیا ہے۔
سیلاب کی وجہ سے دریائے غذر بند ہوگیا اور ایک جھیل بن گئی۔سیلاب کے بہاؤ نے اپنا رخ بدل کر ایک جزیرہ نما بنا دیا، جس کے باعث روشن گاؤں کے لوگ پھنس گئے، تاہم کئی گھنٹوں بعد وہ دوسرے علاقوں میں پہنچنے میں کامیاب ہوگئے۔
فیض اللہ فراق نے کہا کہ 50 پھنسے ہوئے افراد کو ریسکیو کرلیا گیا ہے، دریائے غذر کا بہاؤ زیادہ دیر تک رکا رہا تو یہ دیہات ڈوب سکتے ہیں۔ جی بی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی، ریسکیو 1122 اور مقامی انتظامیہ ریلیف اور ریسکیو آپریشنز میں مصروف ہیں اور مسلسل نگرانی کر رہے ہیں۔











