مودی سرکار نے مقبوضہ کشمیر میں سرکاری محکموں کے دفاتر میں یو ایس بی اور پین ڈرائیو کے استعمال پر پابندی لگادی۔۔
بھارتی میڈیا کے مطابق مقبوضہ کشمیر میں حساس سرکاری معلومات کی سیکورٹی، ہیکنگ اور ڈیٹا چوری جیسے معاملات کی آڑ میں سرکاری محکموں میں یو ایس بی و پین ڈرائیو کے استعمال پر پابندی عائد کر دی ہے۔
حکومت نے محکموں کے سربراہان کو بھیجے گئے مراسلے میں کہا ہے کہ وائرس اٹیک، ہیکنگ جیسے خطروں سے نمٹنے کے لیےریاست کے تمام اضلاع کے ڈپٹی کمشنر کے دفاتر، سرکاری محکموں کو خفیہ معلومات شیئر کرنے کے لیے سوشل میڈیا پلیٹ فارم استعمال نہ کریں۔
مودی کی کٹھ پتلی سرکار نے سرکاری محکموں کو کلاؤڈ پر مبنی، ملٹی-ٹیننٹ پلیٹ فارم ’گو ڈرائیو‘ کو ایک محفوظ متبادل کے طور پر اپنانے کا حکم دیا ہے۔
گو ڈرائیو پر ہر سرکاری ملازم کو 50 جی بی محفوظ اسٹوریج کے ساتھ ساتھ تمام ڈیوائس تک سینٹرلائزڈ رسائی اور سنکرونائزیشن کی سہولت ملتی ہے۔
حکومت کی ہدایات میں کہا گیا ہے کہ تمام حساس تکنیکی معلومات کی خفیہ طور پر درجہ بندی کی جانی چاہیے۔ محکمہ اسے وزارت داخلہ کے انفارمیشن سیکورٹی کے بہترین طریقوں، کمپیوٹر ایمرجنسی رسپانس ٹیم کی ہدایات اور محکمہ جاتی ڈیٹا کی درجہ بندی کی پالیسیوں کو دھیان میں رکھ کر آگے بھیجیں۔











