آج کی ڈیجیٹل دنیا میں رشتوں کی تعریف مسلسل بدل رہی ہے۔ پہلے جہاں ملاقاتیں خاندان اور معاشرتی دائرے میں ہوتی تھیں، وہاں اب تعلقات کی شروعات موبائل اسکرین پر چیٹ اور ویڈیو کال سے ہونے لگی ہیں۔ نئی نسل اب ایک الگ طریقہ اپنانے لگی ہے جو پہلے کبھی سنا بھی نہیں گیا تھا۔ایسا ہی ایک نیا ٹرینڈ ہے کوانٹم ڈیٹنگ۔ یہ سننے میں اگرچہ سائنس یا ٹیکنالوجی سے جڑا لگتا ہے، لیکن یہ رشتوں اور ڈیٹنگ کا نیا انداز ہے، جو نوجوانوں کے درمیان کافی مقبول ہو رہا ہے۔ یہ پوری طرح سے نسل Z پر اثر انداز ہو رہا ہے۔
کوانٹم ڈیٹنگ ایک ایسا تصور ہے جس میں رشتوں کے حوالے سے طے شدہ حدود، توقعات یا پابندیاں نہیں ہوتیں۔ اس میں لوگ ڈیٹنگ کو لچکدار، کھلا اور بغیر کسی دباؤ کے گزارتے ہیں۔ یعنی پارٹنر کے ساتھ وقت گزارنا، تعلق محسوس کرنا اور ایک دوسرے کو سمجھنا زیادہ اہم ہوتا ہے، بجائے اس کے کہ کسی رشتے کو نام دیا جائے یا مستقبل کی سنجیدگی طے کی جائے۔
آجکل کی نئی نسل اپنے کیریئر، پڑھائی اور ذاتی زندگی کو متوازن رکھنا چاہتی ہے۔ مغربی دنیا کےنوجوانوں کو کوانٹم ڈیٹنگ بندشوں سے آزادی دیتی ہے یعنی تعلق کا کوئی دباؤ نہیں۔نوجوان نئی چیزیں آزمانا پسند کرتے ہیں اور یہ ٹرینڈ انہیں ریلیشن شپ میں تجربات کا موقع دیتا ہے۔اس میں جذباتی معاملات کو اہمیت دی جاتی ہے سماجی روایات کو نہیں۔
روایتی تعلق میں خاندان، معاشرہ اور رشتے کی استحکام پر زور دیا جاتا ہے۔ کوانٹم ڈیٹنگ میں سب کچھ “موجودہ لمحے” پر مبنی ہوتا ہے۔ یعنی آج کی کیمسٹری اور آج کا کنکشن ہی سب سے اہم ہے۔ اس میں مستقبل کے بارے میں کوئی بندش نہیں ہوتی، بلکہ رشتے کو اتنی ہی دیر تک جیا جاتا ہے جب تک دونوں کے درمیان سہولت برقرار رہتی ہے۔











