وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان کے پاس جعفر ایکسپریس سمیت دیگر بے شمار واقعات میں غیرملکی ہاتھ کے ملوث ہونے کے ناقابل تردید ثبوت موجود ہیں
چین کے ساحلی شہر چیانجن میں شنگھائی تعاون تنظیم کے 25 ویں سربراہ مملکت کونسل اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان ہمیشہ کثیر الجہتی، مذاکرات اور سفارت کاری پر یقین رکھتا اور یکطرفہ رویے سے گریز کرتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اپنے پڑوسیوں اور تمام ایس سی او ارکان کی سالمیت اور خودمختاری کی حمایت اور احترام کرتا ہے، ہم تمام بین الاقوامی اور دوطرفہ معاہدات کا احترام کرتے ہیں اور تمام ایس سی او ارکان سے بھی ان اصولوں کی پاسداری کے خواہاں ہیں۔
وزیر اعظم نے کہا کہ گزشتہ چند ماہ کے دوران خطے نے جس طرح نہایت تشویشناک واقعات کا مشاہدہ کیا اس پر ہمیں مایوسی ہوئی۔ دہشت گردی کو سیاسی مقاصد کے لیے استعمال کیا گیا مگر ایسا کرنے والوں کو یہ جاننے کی ضرورت ہے کہ اب دنیا ان کے بیانیے پر یقین نہیں کرتی۔
دہشت گردی اور علیحدگی پسندی پوری ایس سی او کیلیے خطرہ ہے، جعفرایکسپریس حملے میں بعض ملکوں کے ملوث ہونے کے ٹھوس شواہد ہیں، بلوچستان میں ریاستی دہشتگردی کے ٹھوس ثبوت موجود ہیں، افغانستان میں امن پورے خطے کے مفاد میں ہے۔











