اہم ترین

مہمند اور بھاشا ڈیم جب بنیں گے تب تک ہمارے پاس کچھ بھی نہیں بچے گا: خواجہ آصف

وزیر دفاع و شہری ہوا بازی خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ مہمند اور بھاشا ڈیم بننے میں 15 سال لگ جائیں گے، اور وہ بالکل بنیں گے لیکن تب تک ہمارے پاس کچھ بھی نہیں بچے گا۔ ان ڈیموں کا انتظار کرنے کے بجائے درجنوں چھوٹے ڈیمز بنائیں جو ایک آدھ سال میں بن جائیں۔

قومی اسمبلی میں حالیہ تباہ کن بارشوں اورسیلابی صورت حال پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے خواجہ آصف نےکہا کہ ملک میں آمریت میں ڈیمز بنائے گئے اور یہ بالکل درست بات ہے کیوں کہ ان کے پاس طاقت ہوتی ہے، مگر جمہوری ادوار میں ڈیمز پر اتفاق رائے نہیں ہوتا، سیاسی ادوار میں کوئی اوپر کوئی نیچے تو کوئی ادھر ادھر دیکھ رہا ہوتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ماحولیاتی تبدیلی اور پانی کا مسئلہ سیاسی نہیں ۔ یہ قومی، بلکہ بین الاقوامی معاملہ ہے اس پر ہمیں کم از کم مل بیٹھنا چاہیے اور اس کا ردعمل بھی اسی طرح دینا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ ہم اس طرح کے قومی معاملات پر مسائل کھڑے کرکے سیاست کرتے ہیں اور اسی پر اپنی دکان چمکاتے ہیں، ہم اس پر سیاست کرتے ہیں اور یہی بدقسمتی ہے۔ہمیں اپنے رویے بھی تبدیل کرنا ہوں گے، یہ قومی مفادات ہیں اور ان پر ہرگز اختلافات نہیں ہونے چاہیے، ہم کم از کم عوامی معاملات پر تو اتفاق کرلیں جس کا تعلق ہمارے اقتدار سے نہیں بلکہ خالصتاً عوام سے ہو، کسی نہر یا ڈیم بنانے کی بات ہوتی ہے تو سڑکیں بند نہ کریں مگر کیا کریں دکانداری ہے۔

پاکستان