دنیا میں مصنوعی ذہانت (اے آئی) کا جادو سر چڑھ کر بول رہا ہے۔ کھیل، صحت، طب اور ٹیک کے بعد اب اس کی انٹری سیاست اور حکومت میں بھی ہو گئی ہے۔
عالمی نیوز ویب سائیٹس کے مطابق یورپ کے غریب ترین ملکوں میں شامل البانیہ میں سرکاری ٹھیکوں میں بدعنوانی کے معاملے بار بار سامنے آ رہے ہیں۔
اس کے علاوہ البانیہ منشیات، خواتین، اور اسلحے کی اسمگلنگ سے کمائے کالے دھن کو سفید (قانونی) بنانے کا اہم مرکز بن گیا ہے۔
سرکاری محکموں میں کرپشن کے خاتمے کے لئے وزیر اعظم نے ایک منفرد اقدام اٹھایا ہے۔ انہوں نے اپنی حکومت میں ورچوئل وزیر کی تقرری کی ہے۔
اس طرح البانیہ ورچوئل وزیر کی تقرری کرنے والا دنیا کا پہلا ملک بن گیا ہے۔ اس خاتون ورچوئل وزیر کا نام ’ڈئیلا‘ ہے، جس کا مطلب مقامی زبان میں سورج ہے۔
البانیہ کی نیشنل ایجنسی فار انفارمیشن سوسائٹی کی ویب سائٹ کے مطابق ڈئیلا اپنی ذمہ داری نبھانے کے لیے اَپڈیٹڈ اے آئی ماڈیولز کا استعمال کرتی ہیں۔ اسے رواں برس جنوری میں روایتی البانیائی کپڑے پہنے ایک خاتون اے آئی آپریٹڈ ڈیجیٹل اسسٹنٹ کے طور پر پیش کیا گیا تھا۔
ابتدائی طور پر ڈئیلا کا مقصد شہریوں کو دستاویزات اور خدمات کی فراہمی کرنے والے پلیٹ فارم ای-البانیہ پر رہنمائی فراہم کرنا تھا۔
سرکاری اعداد و شمار ڈئیلا نے اب تک 36600 ڈیجیٹل دستاویزوں کو جاری کرنے میں سہولت فراہم کی ہے اور پلیٹ فارم کے ذریعہ تقریباً 1000 سروسز دی ہیں۔











