کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی نے ریکوڈک منصوبے کے اہم معاہدوں اور مجوزہ شرائط کی منظوری دے دی ۔
وفاقی وزارت خزانہ کے مطابق وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کی۔ جس میں ریکوڈک منصوبے کے معاہدوں اور مالی معاونت کی سمری پر غور کیا گیا
اعلامیے کے مطابق ای سی سی نے ریکوڈک منصوبے کے اہم معاہدوں اور مجوزہ شرائط کی منظوری دے دی۔
ای سی سی نے ہدایت دی کہ قانونی و مالی مشیروں کی رائے کے بعد معاہدوں میں کوئی اہم تبدیلی ہو تو دوبارہ منظوری لی جائے۔
اجلاس میں ریکوڈک مائننگ کمپنی کے ساتھ ریل ترقیاتی معاہدہ اور برج فنانسنگ معاہدہ پر غور کیا گیا۔ معاہدے کے تحت بلوچستان سے معدنیات کی نقل و حمل کے لیے 1350 کلومیٹر طویل ریلوے ٹریک بچھایا جائے گا۔ جسکے لیے 39 کروڑ ڈالر کی مالی معاونت فراہم کی جائے گی۔
اس موقع پر وزیر خزانہ نے کہا کہ ای سی سی کی منظوری حکومت کے اس عزم کا مظہر ہے کہ وہ اس تاریخی منصوبے کو عملی جامہ پہنانے کے لیے سنجیدہ ہے۔ یہ منصوبہ بلوچستان کے معاشی منظرنامے کو بدلنے اور ملک کے عوام کے لیے دیرپا فوائد فراہم کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے
محمد اورنگزیب نے کہا کہ ریکوڈک منصوبہ دنیا کے سب سے بڑے تانبے اور سونے کے ذخائر کو بروئے کار لانے کا ذریعہ بنے گا۔











