پاک فوج کے ترجمان لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا ہے کہ غیر قانونی مقیم افغان باشندے بھارت کی ریاستی سرپرستی میں پاکستان میں دہشت گردی اور سنگین جرائم میں ملوث ہیں۔
پاکستان ٹیلی ویژن (پی ٹی وی نیوز) پر نشر کیے گئے ایک انٹرویو کے دوران لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا کہ پاکستان نے 40 سال تک لاکھوں افغان مہاجرین کی میزبانی کی، لیکن اب افغان مہاجرین کو پناہ دینے کی بنیادی وجوہات باقی نہیں رہیں۔
ترجمان پاک فوج نےکہا کہ بھارت ریاستی سرپرستی میں پاکستان میں دہشت گردانہ کارروائیوں میں ملوث ہے۔ مستند شواہد موجود ہیں کہ غیر قانونی افغان باشندے دہشت گردی اور سنگین جرائم میں ملوث ہیں۔
لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا کہ پاکستان کی ریاست تمام غیر ریاستی عناصر کو بلا تفریق مسترد کرتی ہے، پاکستان میں کسی بھی جیش یا مسلح جتھوں کے لیے کوئی جگہ نہیں ہے، ریاست کے علاوہ کوئی گروہ یا شخص جہاد کا اعلان کرنے کا اختیار نہیں رکھتا۔











